22. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
23. کہ تُو مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے خاص خاص خُوشبُودار مصالِح لینا یعنی اپنے آپ نِکلا ہُؤ ا مُر پانچ سَو مِثقال اور اُس کا آدھا یعنی ڈھائی سَو مِثقال دارچِینی اور خُوشبُودار اگر ڈھائی سَو مِثقال۔
24. اور تج پانچ سَو مِثقال اور زَیتُون کا تیل ایک ہین۔
25. اور تُو اُن سے مَسح کرنے کا پاک تیل بنانا یعنی اُن کو گندھی کی حِکمت کے مُطابِق مِلا کر ایک خُوشبُودار رَوغن تیّار کرنا ۔ یہی مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔
26. اِسی سے تُو خَیمۂِ اِجتماع کو اور شہادت کے صندُوق کو۔
27. اور میز کو اُس کے ظرُوف سمیت اور شمعدان کو اُس کے ظرُوف سمیت اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ کو۔
28. اور سوختنی قُربانی چڑھانے کے مذبح کو اُس کے سب ظرُوف سمیت اور حَوض کو اور اُس کی کُرسی کو مَسح کرنا۔
29. اور تُو اُن کو مُقدّ س کرنا تاکہ وہ نہایت پاک ہو جائیں ۔ جو کُچھ اُن سے چُھو جائے گا وہ پاک ٹھہرے گا۔
30. اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مَسح کرنا اور اُن کو مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔
31. اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دینا کہ یہ تیل میرے لِئے تُمہاری پُشت در پُشت مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔
32. یہ کِسی آدمی کے جِسم پر نہ ڈالا جائے اور نہ تُم کوئی اَور رَوغن اِس کی ترکیب سے بنانا اِس لِئے کہ یہ مُقدّس ہے اور تُمہارے نزدِیک مُقدّس ٹھہرے۔
33. جو کوئی اِس کی طرح کُچھ بنائے یا اِس میں سے کُچھ کِسی اجنبی پر لگائے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔
34. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو خُوشبُودار مصالِح مُر اور مصطکی اور لَون اور خُوشبُودار مصالِح کے ساتھ خالِص لُبان وزن میں برابر برابر لینا۔
35. اور نمک مِلا کر اُن سے گندھی کی حِکمت کے مُطابِق خُوشبُودار رَوغن کی طرح صاف اور پاک بخُور بنانا۔
36. اور اِس میں سے کُچھ خُوب بارِیک پِیس کر خَیمۂِ اِجتماع میں شہادت کے صندُوق کے سامنے جہاں میں تُجھ سے مِلا کرُوں گا رکھنا ۔ یہ تُمہارے لِئے نہایت پاک ٹھہرے۔
37. اور جو بخُور تُو بنائے اُس کی ترکِیب کے مُطابِق تُم اپنے لِئے کُچھ نہ بنانا ۔ وہ بخُور تیرے نزدِیک خُداوند کے لِئے پاک ہو۔