خُرُوج 29:29-38 Urdu Bible Revised Version (URD)

29. اور ہارُو ن کے بعد اُس کے پاک لِباس اُس کی اَولاد کے لِئے ہوں گے تاکہ اُن ہی میں وہ مَسح و مخصُوص کِئے جائیں۔

30. اُس کا جو بیٹا اُس کی جگہ کاہِن ہو وہ جب پاک مقام میں خِدمت کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہو تو اُن کو سات دِن تک پہنے رہے۔

31. اور تُو تخصِیصی مینڈھے کو لے کر اُس کے گوشت کو کِسی پاک جگہ میں اُبالنا۔

32. اور ہارُون اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور ٹوکری کی روٹیاں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کھائیں۔

33. اور جِن چِیزوں سے اُن کو مخصُوص اور پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے وہ اُن کو بھی کھائیں لیکن اجنبی شخص اُن میں سے کُچھ نہ کھانے پائے کیونکہ یہ چِیزیں پاک ہیں۔

34. اور اگر مخصُوص کرنے کے گوشت یا روٹی میں سے کُچھ صُبح تک بچا رہ جائے تو اُس بچے ہُوئے کو آگ سے جلا دینا ۔ وہ ہرگِز نہ کھایا جائے اِس لِئے کہ وہ پاک ہے۔

35. اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے ساتھ جو کُچھ مَیں نے حُکم دِیا ہے وہ سب عمل میں لانا اور سات دِن تک اُن کی تخصِیص کرتے رہنا۔

36. اور تُو ہر روز خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو کفّارہ کے واسطے ذبح کرنا اور تُو قُربان گاہ کو اُس کے کفّارہ دینے کے وقت صاف کرنا اور اُسے مَسح کرنا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔

37. تُو سات دِن تک قُربان گاہ کے لِئے کفّارہ دینا اور اُسے پاک کرنا تو قُربان گاہ نہایت پاک ہو جائے گی اور جو کُچھ اُس سے چُھو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔

38. اور تُو ہر روز سدا ایک ایک برس کے دو دو برّے قُربان گاہ پر چڑھایا کرنا۔

خُرُوج 29