خُرُوج 29:25-40 Urdu Bible Revised Version (URD)

25. پِھراِن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر قُربان گاہ پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلا دینا تاکہ وہ خُداوند کے آگے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔ یہ خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔

26. اور تُو ہارُو ن کے تخصِیصی مینڈھے کا سِینہ لے کر اُس کو خُداوند کے رُوبرُو ہِلاناتاکہ وہ ہِلانے کا ہدیہ ہو۔یہ تیرا حِصّہ ٹھہرے گا۔

27. اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے تخصِیصی مینڈھے کے ہِلانے کے ہدیہ کے سِینہ کو جو ہِلایا جا چُکا ہے اور اُٹھائے جانے کے ہدیہ کی ران کو جو اُٹھائی جا چُکی ہے لے کر اُن دونوں کو پاک ٹھہرانا۔

28. تاکہ یہ سب بنی اِسرائیل کی طرف سے ہمیشہ کے لِئے ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کا حق ہو کیونکہ یہ اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہے ۔ سو یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کے ذبِیحوں میں سے اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہو گا جو اُن کی طرف سے خُداوند کے لِئے اُٹھایا گیا ہے۔

29. اور ہارُو ن کے بعد اُس کے پاک لِباس اُس کی اَولاد کے لِئے ہوں گے تاکہ اُن ہی میں وہ مَسح و مخصُوص کِئے جائیں۔

30. اُس کا جو بیٹا اُس کی جگہ کاہِن ہو وہ جب پاک مقام میں خِدمت کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہو تو اُن کو سات دِن تک پہنے رہے۔

31. اور تُو تخصِیصی مینڈھے کو لے کر اُس کے گوشت کو کِسی پاک جگہ میں اُبالنا۔

32. اور ہارُون اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور ٹوکری کی روٹیاں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کھائیں۔

33. اور جِن چِیزوں سے اُن کو مخصُوص اور پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے وہ اُن کو بھی کھائیں لیکن اجنبی شخص اُن میں سے کُچھ نہ کھانے پائے کیونکہ یہ چِیزیں پاک ہیں۔

34. اور اگر مخصُوص کرنے کے گوشت یا روٹی میں سے کُچھ صُبح تک بچا رہ جائے تو اُس بچے ہُوئے کو آگ سے جلا دینا ۔ وہ ہرگِز نہ کھایا جائے اِس لِئے کہ وہ پاک ہے۔

35. اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے ساتھ جو کُچھ مَیں نے حُکم دِیا ہے وہ سب عمل میں لانا اور سات دِن تک اُن کی تخصِیص کرتے رہنا۔

36. اور تُو ہر روز خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو کفّارہ کے واسطے ذبح کرنا اور تُو قُربان گاہ کو اُس کے کفّارہ دینے کے وقت صاف کرنا اور اُسے مَسح کرنا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔

37. تُو سات دِن تک قُربان گاہ کے لِئے کفّارہ دینا اور اُسے پاک کرنا تو قُربان گاہ نہایت پاک ہو جائے گی اور جو کُچھ اُس سے چُھو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔

38. اور تُو ہر روز سدا ایک ایک برس کے دو دو برّے قُربان گاہ پر چڑھایا کرنا۔

39. ایک برّہ صُبح کو اور دُوسرا بّرہ زوال اور غرُوب کے درمیان چڑھانا۔

40. اور ایک برّہ کے ساتھ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ دینا جِس میں ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں کُوٹ کر نِکالا ہُؤا تیل مِلا ہُؤا ہو اور ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں تپاون کے لِئے مَے بھی دینا۔

خُرُوج 29