خُرُوج 28:31-43 Urdu Bible Revised Version (URD)

31. اور تُو افُود کا جُبّہ بِالکل آسمانی رنگ کا بنانا۔

32. اور اُس کا گریبان بِیچ میں ہو اور زِرہ کے گریبان کی طرح اُس کے گریبان کے گِردا گِرد بُنی ہُوئی گوٹ ہو تاکہ وہ پھٹنے نہ پائے۔

33. اور اُس کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے انار بنانا اور اُن کے درمیان چاروں طرف سونے کی گھنٹیاں لگانا۔

34. یعنی جُبّہ کے دامن کے پُورے گھیر میں ایک سونے کی گھنٹی ہو اور اُس کے بعد انار ۔ پِھر ایک سونے کی گھنٹی ہو اور اُس کے بعد انار۔

35. اِس جُبّہ کو ہارُو ن خِدمت کے وقت پہنا کرے تاکہ جب جب وہ پاک مقام کے اندر خُداوند کے حضُور جائے یا وہاں سے نِکلے تو اُس کی آواز سُنائی دے تا اَیسانہ ہو کہ وہ مَر جائے۔

36. اور تُوخالِص سونے کا ایک پتّر بنا کر اُس پر انگشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کرنا خُداوند کے لِئے مُقدّس۔

37. اور اُسے نِیلے فِیتے سے باندھنا تاکہ وہ عمامہ پر یعنی عمامہ کے سامنے کے حِصّہ پر ہو۔

38. اور یہ ہارُو ن کی پیشانی پر رہے تاکہ جو کُچھ بنی اِسرائیل اپنے پاک ہدیوں کے ذرِیعہ سے مُقدّس ٹھہرائیں اُن مُقدّس ٹھہرائی ہُوئی چِیزوں کی بدی ہارُون اُٹھائے اور یہ اُس کی پیشانی پر ہمیشہ رہے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور مقبُول ہوں۔

39. اور کُرتہ بارِیک کتان کا بُنا ہُؤا اور چارخانے کا ہو اور عمامہ بھی بارِیک کتان ہی کا بنانا اور ایک کمربند بنانا جِس پر بیل بُوٹے کڑھے ہوں۔

40. اور ہارُو ن کے بیٹوں کے لِئے کُرتے بنانا اور عِزّت اور زِینت کے واسطے اُن کے لِئے کمربند اور پگڑیاں بنانا۔

41. اور تُو یہ سب اپنے بھائی ہارُون اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو پہنانا اور اُن کو مَسح اور مخصُوص اور مُقدّس کرنا تاکہ وہ سب میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

42. اور تُو اُن کے لِئے کتان کے پاجامے بنا دینا تاکہ اُن کا بدن ڈھکا رہے ۔ یہ کمر سے ران تک کے ہوں۔

43. اور ہارُون اور اُس کے بیٹے جب جب خَیمہ اِجتماع میں داخِل ہوں یا خِدمت کرنے کو پاک مکان کے اندر قُربان گاہ کے نزدِیک جائیں اُن کو پہنا کریں تا اَیسا نہ ہو کہ گُنہگار ٹھہریں اور مَر جائیں ۔ یہ دستُورُالعمل اُس کے اور اُس کی نسل کے لِئے ہمیشہ رہے گا۔

خُرُوج 28