خُرُوج 26:24-37 Urdu Bible Revised Version (URD)

24. یہ نِیچے سے دُہرے ہوں اور اِسی طرح اُوپر کے سِرے تک آ کر ایک حلقہ میں مِلائے جائیں ۔ دونوں تختے اِسی ڈھب کے ہوں ۔ یہ تختے دونوں کونوں کے لِئے ہوں گے۔

25. پس آٹھ تختے اور چاندی کے سولہ خانے ہوں گے یعنی ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو خانے۔

26. اور تُو کِیکر کی لکڑی کے بینڈے بنانا ۔ پانچ بینڈے مسکن کے ایک پہلُو کے تختوں کے لِئے۔

27. اور پانچ بینڈے مسکن کے دُوسرے پہلُو کے تختوں کے لِئے اور پانچ بینڈے مسکن کے پِچھلے حِصّہ یعنی مغرِبی سِمت کے تختوں کے لِئے۔

28. اور وسطی بینڈا جو تختوں کے بِیچ میں ہو وہ خَیمہ کی ایک حدّسے دُوسری حد تک پُہنچے۔

29. اور تُو تختوں کو سونے سے منڈھنا اور بینڈوں کے گھروں کے لِئے سونے کے کڑے بنانا اور بینڈوں کو بھی سونے سے منڈھنا۔

30. اور تُو مسکن کو اُسی نمُونہ کے مُطابِق بنانا جو پہاڑ پر تُجھے دِکھایا گیا ہے۔

31. اور تُو آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا ایک پردہ بنانا اور اُس میں کِسی ماہر اُستاد سے کرُّ وبیوں کی صُورت کڑھوانا۔

32. اور اُسے سونے سے منڈھے ہُوئے کِیکر کے چار سُتُونوں پر لٹکانا۔ اِن کے کُنڈے سونے کے ہوں اور چاندی کے چار خانوں پر کھڑے کِئے جائیں۔

33. اور پردہ کو گُھنڈیوں کے نِیچے لٹکانا اور شہادت کے صندُوق کو وہیں پردہ کے اندر لے جانا اور یہ پردہ تُمہارے لِئے پاک مقام کو پاک ترین مقام سے الگ کرے گا۔

34. اور تُو سرپوش کو پاک ترین مقام میں شہادت کے صندُوق پر رکھنا۔

35. اور میز کو پردہ کے باہر دھر کر شمعدان کو اُس کے مُقابِل مسکن کی جنُوبی سِمت میں رکھنا یعنی میز شِمالی سِمت میں رکھنا۔

36. اور تُو ایک پردہ خَیمہ کے دروازہ کے لِئے آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنانا اور اُس پر بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے ہوں۔

37. اور اِس پردہ کے لِئے کِیکر کی لکڑی کے پانچ سُتُون بنانا اور اُن کو سونے سے منڈھنا اور اُن کے کُنڈے سونے کے ہوں جِن کے لِئے تُو پِیتل کے پانچ خانے ڈھال کر بنانا۔

خُرُوج 26