حِزقی ایل 37:22-28 Urdu Bible Revised Version (URD)

22. اور مَیں اُن کو اُس مُلک میں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک ہی قَوم بناؤُں گا اور اُن سب پر ایک ہی بادشاہ ہو گا اور وہ آگے کو نہ دو قَومیں ہوں گے اور نہ دو مملکتوں میں تقسِیم کِئے جائیں گے۔

23. اور وہ پِھر اپنے بُتوں سے اور اپنی نفرت انگیز چِیزوں سے اور اپنی خطاکاری سے اپنے آپ کو ناپاک نہ کریں گے بلکہ مَیں اُن کو اُن کے تمام مسکنوں سے جہاں اُنہوں نے گُناہ کِیا ہے چُھڑاؤُں گا اور اُن کو پاک کرُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔

24. اور میرا بندہ داؤُد اُن کا بادشاہ ہو گا اور اُن سب کا ایک ہی چرواہا ہو گا اور وہ میرے احکام پر چلیں گے اور میرے آئِین کو مان کر اُن پر عمل کریں گے۔

25. اور وہ اُس مُلک میں جو مَیں نے اپنے بندہ یعقُو ب کو دِیا جِس میں تُمہارے باپ دادا بستے تھے بسیں گے اور وہ اور اُن کی اَولاد اور اُن کی اَولاد کی اَولاد ہمیشہ تک اُس میں سکُونت کریں گے اور میرا بندہ داؤُد ہمیشہ کے لِئے اُن کا فرمانروا ہو گا۔

26. اور مَیں اُن کے ساتھ سلامتی کا عہد باندُھوں گا جو اُن کے ساتھ ابدی عہد ہو گا اور مَیں اُن کو بساؤُں گا اور فراوانی بخشُوں گا اور اُن کے درمِیان اپنے مَقدِس کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔

27. میرا خَیمہ بھی اُن کے ساتھ ہو گا ۔ مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے۔

28. اور جب میرا مَقدِس ہمیشہ کے لِئے اُن کے درمِیان رہے گا تو قَومیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند اِسرائیل کو مُقدّس کرتا ہُوں۔

حِزقی ایل 37