34. یا کبھی خُدا نے ایک قَوم کو کِسی دُوسری قَوم کے بِیچ سے نِکالنے کا اِرادہ کر کے اِمتِحانوں اور نِشانوں اور مُعجِزوں اور جنگ اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو اور ہَولناک ماجروں کے وسِیلہ سے اُن کو اپنی خاطِر برگُزیدہ کرنے کے لِئے وہ کام کِئے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہاری آنکھوں کے سامنے مِصر میں تُمہارے لِئے کِئے؟۔
35. یہ سب کُچھ تُجھ کو دِکھایا گیا تاکہ تُو جانے کہ خُداوند ہی خُدا ہے اور اُس کے سِوا اَور کوئی ہے ہی نہیں۔
36. اُس نے اپنی آواز آسمان میں سے تُجھ کو سُنائی تاکہ تُجھ کو تربِیّت کرے اور زمِین پر اُس نے تُجھ کو اپنی بڑی آگ دِکھائی اور تُو نے اُس کی باتیں آگ کے بِیچ میں سے آتی ہُوئی سُنِیں۔
37. اور چُونکہ اُسے تیرے باپ دادا سے مُحبّت تھی اِسی لِئے اُس نے اُن کے بعد اُن کی نسل کو چُن لِیا اور تیرے ساتھ ہو کر اپنی بڑی قُدرت سے تُجھ کو مِصر سے نِکال لایا۔
38. تاکہ تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں دفع کرے اور تُجھ کو اُن کے مُلک میں پُہنچائے اور اُسے تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دے جَیسا آج کے دِن ظاہِرہے۔
39. پس آج کے دِن تُو جان لے اور اِس بات کو اپنے دِل میں جما لے کہ اُوپر آسمان میں اور نِیچے زمِین پر خُداوند ہی خُدا ہے اور کوئی دُوسرا نہیں۔
40. سو تُو اُس کے آئِین اور احکام کو جو مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں ماننا تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو اور ہمیشہ اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔
41. پِھر مُوسیٰ نے یَردن کے پار مشرِق کی طرف تِین شہر الگ کِئے۔
42. تاکہ اَیسا خُونی جو انجانے بغَیر قدِیمی عداوت کے اپنے پڑوسی کو مار ڈالے وہ وہاں بھاگ جائے اور اِن شہروں میں سے کِسی میں جا کر جِیتا بچ رہے۔
43. یعنی رُوبِینِیوں کے لِئے تو شہرِ بصر ہو جو ترائی میں بیابان کے بِیچ واقع ہے اور جدّیوں کے لِئے شہرِ رامات جو جِلعاد میں ہے اور منسِّیوں کے لِئے بسن کا شہرِجولان۔
44. یہ وہ شرِیعت ہے جو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے آگے پیش کی۔
45. یِہی وہ شہادتیں اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو اُن کے مِصر سے نِکلنے کے بعد۔
46. یَردن کے پار اُس وادی میں جو بَیت فغُور کے مُقابِل ہے کہہ سُنایا یعنی امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کے مُلک میں جو حسبون میں رہتا تھا جِسے مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل نے مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے بعد مارا۔
47. اور پِھر اُس کے مُلک کو اور بسن کے بادشاہ عوج کے مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لِیا ۔ امورِیوں کے اِن دونوں بادشاہوں کا یہ مُلک یَردن پار مشرِق کی طرف۔
48. عروعیر سے جو وادیِ ارنون کے کنارے واقع ہے کوہِ سِیون تک جِسے حرمُون بھی کہتے ہیں پَھیلا ہُؤا ہے۔
49. اِسی میں یَردن پار مشرِق کی طرف مَیدان کے دریا تک جو پِسگہ کے ڈھال کے نِیچے بہتا ہے وہاں کا سارا مَیدان شامل ہے۔