اِستِثنا 4:25-33 Urdu Bible Revised Version (URD)

25. اور جب تُجھ سے بیٹے اور پوتے پَیدا ہوں اور تُم کو اُس مُلک میں رہتے ہُوئے ایک مُدّت ہو جائے اور تُم بِگڑ کر کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور شرارت کر کے اُسے غُصّہ دِلاؤ۔

26. تو مَیں آج کے دِن تُمہارے برخِلاف آسمان اور زمِین کو گواہ بناتا ہُوں کہ تُم اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو یَردن پار جانے پر ہو جلد بِالکُل فنا ہو جاؤ گے ۔ تُم وہاں بُہت دِن رہنے نہ پاؤ گے بلکہ بِالکُل نابُود کر دِئے جاؤ گے۔

27. اور خُداوند تُم کو قَوموں میں تِتّربِتّر کرے گا اور جِن قَوموں کے درمیان خُداوند تُم کو پُہنچائے گا اُن میں تُم تھوڑے سے رہ جاؤ گے۔

28. اور وہاں تُم آدمِیوں کے ہاتھ کے بنے ہُوئے لکڑی اور پتّھر کے دیوتاؤں کی عِبادت کرو گے جو نہ دیکھتے نہ سُنتے نہ کھاتے نہ سُونگھتے ہیں۔

29. لیکن وہاں بھی اگر تُم خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہو تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا بشرطیکہ تُو اپنے پُورے دِل سے اور اپنی ساری جان سے اُسے ڈُھونڈے۔

30. جب تُو مُصِیبت میں پڑے گا اور یہ سب باتیں تُجھ پر گُذریں گی تو آخِری دِنوں میں تُو خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے گا اور اُس کی مانے گا۔

31. کیونکہ خُداوند تیرا خُدا رحیم خُدا ہے ۔ وہ تُجھ کو نہ تو چھوڑے گا اور نہ ہلاک کرے گا اور نہ اُس عہد کو بُھولے گا جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی۔

32. اور جب سے خُدا نے اِنسان کو زمِین پر پَیدا کِیا تب سے شرُوع کر کے تُو اُن گُذرے ایّام کا حال جو تُجھ سے پہلے ہو چُکے پُوچھ اور آسمان کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک دریافت کر کہ اِتنی بڑی واردات کی طرح کبھی کوئی بات ہُوئی یا سُننے میں بھی آئی؟۔

33. کیا کبھی کوئی قَوم خُدا کی آواز جَیسے تُو نے سُنی آگ میں سے آتی ہُوئی سُن کر زِندہ بچی ہے؟۔

اِستِثنا 4