اِستِثنا 15:12-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

12. اگر تیرا کوئی بھائی خواہ وہ عِبرانی مَرد ہو یا عِبرانی عَورت تیرے ہاتھ بِکے اور وہ چھ برس تک تیری خِدمت کرے تو تُو ساتویں سال اُس کو آزاد ہو کر جانے دینا۔

13. اور جب تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے خالی ہاتھ نہ جانے دینا۔

14. بلکہ تُو اپنی بھیڑ بکری اور کھتّے اور کولُھو میں سے دِل کھول کر اُسے دینا یعنی خُداوند تیرے خُدا نے جَیسی برکت تُجھ کو دی ہو اُس کے مُطابِق اُسے دینا۔

15. اور یاد رکھنا کہ مُلکِ مِصر میں تُو بھی غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس بات کا حُکم آج دیتا ہُوں۔

16. اور اگر وہ اِس سبب سے کہ اُسے تُجھ سے اور تیرے گھرانے سے مُحبّت ہو اور وہ تیرے ساتھ خُوشحال ہو تُجھ سے کہنے لگے کہ مَیں تیرے پاس سے نہیں جاتا۔

17. تو تُو ایک سُتاری لے کر اُس کا کان دروازہ سے لگا کر چھید دینا تو وہ سدا تیرا غُلام بنا رہے گا اور اپنی لَونڈی سے بھی اَیسا ہی کرنا۔

18. اور اگر تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے مُشکِل نہ گرداننا کیونکہ اُس نے دو مزدُوروں کے برابر چھ برس تک تیری خِدمت کی اور خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاروبار میں تُجھ کو برکت بخشے گا۔

19. تیرے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں میں جِتنے پہلوٹھے نرپَیدا ہوں اُن سب کو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس کرنا ۔ اپنے گائے بَیل کے پہلوٹھے سے کُچھ کام نہ لینا اور نہ اپنی بھیڑ بکری کے پہلوٹھے کے بال کترنا۔

20. تُو اُسے اپنے گھرانے سمیت خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی جگہ جِسے خُداوند چُن لے سال بسال کھایا کرنا۔

21. اور اگر اُس میں کوئی نقص ہو مثلاً وہ لنگڑا یا اندھا ہو یا اُس میں اَور کوئی بُرا عَیب ہو تو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُس کی قُربانی نہ گُذراننا۔

22. تُو اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی اُسے کھائیں۔

23. پر اُس کے خُون کو ہرگِز نہ کھانا بلکہ تُو اُس کو پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

اِستِثنا 15