10. اور مَیں پہلے کی طرح چالِیس دِن اور چالِیس رات پہاڑ پر ٹھہرا رہا اور اِس دفعہ بھی خُداوند نے میری سُنی اور نہ چاہا کہ تُجھ کو ہلاک کرے۔
11. پِھر خُداوند نے مُجھ سے کہا اُٹھ اور اِن لوگوں کے آگے روانہ ہو تاکہ یہ اُس مُلک پر جا کر قبضہ کر لیں جِسے اُن کو دینے کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی۔
12. پس اَے اِسرا ئیل! خُداوند تیرا خُدا تُجھ سے اِس کے سِوا اور کیا چاہتا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مانے اور اُس کی سب راہوں پر چلے اور اُس سے مُحبّت رکھّے اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی بندگی کرے۔
13. اور خُداوند کے جو احکام اور آئِین مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں اُن پر عمل کرے تاکہ تیری خَیر ہو؟۔
14. دیکھ آسمان اور آسمانوں کا آسمان اور زمِین اور جو کُچھ زمِین میں ہے یہ سب خُداوند تیرے خُدا ہی کا ہے۔
15. تَو بھی خُداوند نے تیرے باپ دادا سے خُوش ہو کر اُن سے مُحبّت کی اور اُن کے بعد اُن کی اَولاد کو یعنی تُم کو سب قَوموں میں سے برگُزِیدہ کِیا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔