1. یہ وُہی باتیں ہیں جو مُوسیٰ نے یَردِن کے اُس پار بیابان میں یعنی اُس مَیدان میں جو سُوف کے مُقابِل اور فاران اور طوفل اور لابن اور حصِیرات اور دِیذہب کے درمِیان ہے سب اِسرائیلِیوں سے کہِیں۔
2. کوہِ شعیر کی راہ سے حورِب سے قادِس بَرنِیعَ تک گیارہ دِن کی منزِل ہے۔
3. اور چالِیسویں برس کے گیارھویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو مُوسیٰ نے اُن سب احکام کے مُطابِق جو خُداوند نے اُسے بنی اِسرائیل کے لِئے دِئے تھے اُن سے یہ باتیں کہِیں۔
4. یعنی جب اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کو جو حسبون میں رہتا تھا مارا اور بسن کے بادشاہ عوج کو جو عِستارات میں رہتا تھا ادر عی میں قتل کِیا۔
5. تو اِس کے بعد یَردن کے پار موآب کے مَیدان میں مُوسیٰ اِس شرِیعت کو یُوں بیان کرنے لگا کہ۔
6. خُداوند ہمارے خُدا نے حورِب میں ہم سے یہ کہا تھا کہ تُم اِس پہاڑ پر بُہت رہ چُکے ہو۔
7. سو اب پِھرو اور کُوچ کرو اور امورِیوں کے کوہِستانی مُلک اور اُس کے آس پاس کے مَیدان اور پہاڑی قطعہ اور نشیب کی زمِین اور جنُوبی اطراف میں اور سمُندر کے ساحِل تک جو کنعانیوں کا مُلک ہے بلکہ کوہِ لُبنان اور دریایِ فرات تک جو ایک بڑا دریا ہے چلے جاؤ۔