احبار 8:24-36 Urdu Bible Revised Version (URD)

24. پِھر وہ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔

25. اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔

26. اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔

27. اور اِن سبھوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا۔

28. پِھر مُوسیٰ نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے لِیا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا ۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تخصِیصی قُربانی تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی۔

29. پِھر مُوسیٰ نے سِینہ کو لِیا اور اُس کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا ۔ اُس تخصِیصی مینڈھے میں سے یہی مُوسیٰ کا حِصّہ تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

30. اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اُوپر کے خُون میں سے کُچھ کُچھ لے کر اُسے ہارُون اور اُس کے لِباس پر اور ساتھ ہی اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے لِباس پر چِھڑکا اور ہارُون اور اُس کے لِباس کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس کو مُقدّس کِیا۔

31. اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔

32. اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔

33. اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔

34. جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔

35. سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔

36. پس ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔

احبار 8