1. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
2. ہارُون اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور لِباس کو اور مَسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔
3. اور ساری جماعت کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔
4. چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہُوئی۔
5. تب مُوسیٰ نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جِس کے کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔
6. پِھر مُوسیٰ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو پانی سے غُسل دِلایا۔
7. اور اُس کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمربند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر افُود لگایا اور افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے کمر بند کو اُس پر لپیٹا اور اُسی سے اُس کو اُس کے اُوپر کَس دِیا۔
8. اور سِینہ بند کو اُس کے اُوپر لگا کر سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم لگا دِئے۔
9. اور اُس کے سر پر عمامہ رکھّا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتّر یعنی مُقدّس تاج کو لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
10. اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مسکن کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو مَسح کر کے مُقدّس کِیا۔
11. اور اُس میں سے تھوڑا سا لے کر مذبح پر سات بار چِھڑکا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو اور حَوض اور اُس کی کُرسی کو مَسح کِیا تاکہ اُنہیں مُقدّس کرے۔
12. اور مَسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارُون کے سر پر ڈالا اور اُسے مَسح کِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔
13. پِھر مُوسیٰ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمربند لپیٹے اور اُن کو پگڑیاں پہنائِیں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔