2. یا اگر کوئی شخص کِسی ناپاک چِیز کو چُھو لے خواہ وہ ناپاک جانور یا ناپاک چَوپائے یا ناپاک رینگنے والے جاندار کی لاش ہو تو چاہے اُسے معلُوم بھی نہ ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے تو بھی وہ مُجرِم ٹھہرے گا۔
3. یا اگر وہ اِنسان کی اُن نجاستوں میں سے جِن سے وہ نجِس ہو جاتا ہے کِسی نجاست کو چُھو لے اور اُسے معلُوم نہ ہو تو وہ اُس وقت مُجرِم ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
4. یا اگر کوئی بغَیر سوچے اپنی زُبان سے بُرائی یا بھلائی کرنے کی قَسم کھا لے تو قَسم کھا کر وہ آدمی چاہے کَیسی ہی بات بغَیر سوچے کہہ دے بشرطیکہ اُسے معلُوم نہ ہو تو اَیسی بات میں مُجرِم اُس وقت ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
5. اور جب وہ اِن باتوں میں سے کِسی میں مُجرِم ہو تو جِس امر میں اُس سے خطا ہُوئی ہے وہ اُس کا اِقرار کرے۔
6. اور خُداوند کے حضُور اپنے جُرم کی قُربانی لائے یعنی جو خطا اُس سے ہُوئی ہے اُس کے لِئے ریوڑ میں سے ایک مادہ یعنی ایک بھیڑ یا بکری خطا کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے۔
7. اور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدُور نہ ہو تو وہ اپنی خطا کے لِئے جُرم کی قُربانی کے طَور پر دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خُداوند کے حضُور گُذرانے ۔ ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے۔
8. وہ اُنہیں کاہِن کے پاس لے آئے جو پہلے اُسے جو خطا کی قُربانی کے لِئے ہے گُذرانے اور اُس کا سر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے پر اُسے الگ نہ کرے۔
9. اور خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون مذبح کے پہلُو پر چِھڑکے اور باقی خُون کو مذبح کے پایہ پر گِرجانے دے ۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔
10. اور دُوسرے پرندے کو حُکم کے مُوافِق سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھائے ۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا جو اُس نے کی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔