14. اور اگر کوئی اپنے گھر کو مُقدّس قرار دے تاکہ وہ خُداوند کے لِئے پاک ہو تو خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے اور جو کُچھ وہ ٹھہرائے وُہی اُس کی قِیمت رہے گی۔
15. اور جِس نے اُس گھر کو مُقدّس قرار دِیا ہے اگر وہ چاہے کہ گھر کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر دے ۔ تب وہ گھر اُسی کا رہے گا۔
16. اور اگر کوئی شخص اپنے مورُوثی کھیت کا کوئی حِصّہ خُداوند کے لِئے مُقدّ س قرار دے تو تُو قِیمت کا اندازہ کرتے وقت یہ دیکھنا کہ اُس میں کِتنا بِیج بویا جائے گا ۔ جِتنی زمِین میں ایک خومر کے وزن کے برابر جَو بو سکیں اُس کی قِیمت چاندی کی پچاس مِثقال ہو۔
17. اگر کوئی سالِ یوبلی سے اپنا کھیت مُقدّس قرار دے تو اُس کی قِیمت جو تُو ٹھہرائے وُہی رہے گی۔
18. پر اگر وہ سالِ یوبلی کے بعد اپنے کھیت کو مُقدّس قرار دے تو جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن ہی کے مُطابِق کاہِن اُس کے لِئے رُوپَے کا حِساب کرے اور جِتنا حِساب میں آئے اُتنا تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت سے کم کِیا جائے۔
19. اور اگر وہ جِس نے اُس کھیت کو مُقدّس قرار دِیا ہے یہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ اُس کے ساتھ اَور مِلا کر دے تو وہ کھیت اُسی کا رہے گا۔
20. اور اگر وہ اُس کھیت کا فِدیہ دے کر اُسے نہ چُھڑائے یا کِسی دُوسرے شخص کے ہاتھ اُسے بیچ دے تو پِھر وہ کھیت کبھی نہ چُھڑایا جائے۔
21. بلکہ وہ کھیت جب سالِ یوبلی میں چُھوٹے تو وقف کِئے ہُوئے کھیت کی طرح وہ خُداوند کے لِئے مُقدّ س ہو گا اور کاہِن کی مِلکِیّت ٹھہرے گا۔
22. اور اگر کوئی شخص کِسی خرِیدے ہُوئے کھیت کو جو اُس کا مورُوثی نہیں خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے۔
23. تو کاہِن جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن کے مُطابِق تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا حِساب اُس کے لِئے کرے اور وہ اُسی دِن تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس جان کر دے دے۔
24. اور سالِ یوبلی میں وہ کھیت اُسی کو واپس ہو جائے جِس سے وہ خرِیدا گیا تھا اور جِس کی وہ مِلکِیّت ہے۔
25. اور تیرے سارے قِیمت کے اندازے مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ہوں اور ایک مِثقال بِیس جیراہ کا ہو۔
26. پر فقط چَوپایوں کے پہلوٹھوں کو جو پہلوٹھے ہونے کی وجہ سے خُداوند کے ٹھہر چُکے ہیں کوئی شخص مُقدّس قرار نہ دے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ بکری ۔ وہ تو خُداوند ہی کا ہے۔
27. پر اگر وہ کِسی ناپاک جانور کا پہلوٹھا ہو تو وہ شخص تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ قِیمت میں اَور مِلا کر اُس کا فِدیہ دے اور اُسے چُھڑائے اور اگر اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت پر بیچا جائے۔