32. یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو ۔ اِس میں تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا ۔ تُم اُس مہِینے کی نوِیں تارِیخ کی شام سے دُوسری شام تک اپنا سبت ماننا۔
33. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
34. بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اُسی ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے لے کر سات دِن تک خُداوند کے لِئے عِیدِ خیام ہو گی۔
35. پہلے دِن مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
36. تُم ساتوں دِن برابر خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا ۔ آٹھویں دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور پِھر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا ۔ وہ خاص مجمع ہے ۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
37. یہ خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں ہیں جِن میں تُم مُقدّس مجمعوں کا اِعلان کرنا تاکہ خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی اور سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ اور تپاون ہر ایک اپنے اپنے مُعیّن دِن میں گُذرانا جائے۔
38. ماسِوا اِن کے خُداوند کے سبتوں کو ماننا اور اپنے ہدیوں اور مَنّتوں اور رضا کی قُربانیوں کو جو تُم خُداوند کے حضُور لاتے ہو گُذراننا۔
39. اور ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے جب تُم زمِین کی پَیداوار جمع کر چُکو تو سات دِن تک خُداوند کی عِید ماننا ۔ پہلا دِن خاص آرام کا ہو اور آٹھواں دِن بھی خاص آرام ہی کا ہو۔
40. سو تُم پہلے دِن خُوشنما درختوں کے پَھل اور کھجُور کی ڈالِیاں اور گھنے درختوں کی شاخیں اور ندیوں کی بیدِ مجنُوں لینا اور تُم خُداوند اپنے خُدا کے آگے سات دِن تک خُوشی منانا۔