احبار 11:35-47 Urdu Bible Revised Version (URD)

35. اور جِس چِیز پر اُن کی لاش کا کوئی حِصّہ گِرے خواہ وہ تنُور ہو یا چُولھا وہ ناپاک ہو گی اور توڑ ڈالی جائے ۔ اَیسی چِیزیں ناپاک ہوتی ہیں اور وہ تُمہارے لِئے بھی ناپاک ہوں۔

36. مگر چشمہ یا تالاب جِس میں بُہت پانی ہو وہ پاک رہے گا پر جو کُچھ اُن کی لاش سے چُھو جائے وہ ناپاک ہو گا۔

37. اور اگر اُن کی لاش کا کُچھ حِصّہ کِسی بونے کے بِیج پر گِرے تو وہ بیج پاک رہے گا۔

38. پر اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اِس کے بعد اُن کی لاش میں سے کُچھ اُس پر گِرا ہو تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہو گا۔

39. اور جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو اگر اُن میں سے کوئی مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

40. اور جو کوئی اُن کی لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

41. اور سب رینگنے والے جاندار جو زمِین پر رینگتے ہیں مکرُوہ ہیں اور کبھی کھائے نہ جائیں۔

42. اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جانداروں میں سے جِتنے پیٹ یا چار پاؤں کے بل چلتے ہیں یا جِن کے بُہت سے پاؤں ہوتے ہیں اُن کو تُم نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہیں۔

43. اور تُم کِسی رینگنے والے جاندار کے سبب سے جو زمِین پر رینگتا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا اور نہ اُن سے اپنے آپ کو ناپاک کرنا کہ نجِس ہو جاؤ۔

44. کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں ۔ اِس لِئے اپنے آپ کو مُقدّس کرنا اور پاک ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں ۔ سو تُم کِسی طرح کے رینگنے والے جاندار سے جو زمِین پر چلتا ہے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔

45. کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں اور تُم کو مُلکِ مِصر سے اِسی لِئے نکال کر لایا ہُوں کہ مَیں تُمہارا خُدا ٹھہروں ۔ اِس لِئے تُم مُقدّس ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔

46. حَیوانات اور پرِندوں اور آبی جانوروں اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جانداروں کے بارے میں شرع یِہی ہے۔

47. تاکہ پاک اور ناپاک میں اور جو جانور کھائے جا سکتے ہیں اور جو نہیں کھائے جا سکتے اُن کے درمیان اِمتیاز کِیا جائے۔

احبار 11