احبار 10:1-11 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور ند ب اور اَبِیہُو نے جو ہارُون کے بیٹے تھے اپنے اپنے بخُور دان کو لے کر اُن میں آگ بھری اور اُس پر اَور اُوپری آگ جِس کا حُکم خُداوند نے اُن کو نہیں دِیا تھا خُداوند کے حضُور گُذرانی۔

2. اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور اُن دونوں کو کھا گئی اور وہ خُداوند کے حضُور مَر گئے۔

3. تب مُوسیٰ نے ہارُون سے کہا یہ وُہی بات ہے جو خُداوند نے کہی تھی کہ جو میرے نزدِیک آئیں ضرُور ہے کہ وہ مُجھے مُقدّس جانیں اور سب لوگوں کے آگے میری تمجِید کریں اور ہارُون چُپ رہا۔

4. پِھر مُوسیٰ نے میسائیل اور الصفن کو جو ہارُون کے چچا عُزِّی ایل کےبیٹے تھے بُلا کر اُن سے کہا نزدِیک آؤ اور اپنے بھائیوں کو مَقدِس کے سامنے سے اُٹھا کر لشکرگاہ کے باہر لے جاؤ۔

5. پس وہ نزدِیک گئے اور اُنہیں اُن کے کُرتوں سمیت اُٹھا کر مُوسیٰ کے حُکم کے مُطابِق لشکرگاہ کے باہر لے گئے۔

6. اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں اِلیعزر اور اِتمر سے کہا کہ نہ تُمہارے سر کے بال بکھرنے پائیں اور نہ تُم اپنے کپڑے پھاڑنا تاکہ نہ تُم ہی مَرو اور نہ ساری جماعت پر اُس کا غضب نازِل ہو پر اِسرا ئیل کے سب گھرانے کے لوگ جو تُمہارے بھائی ہیں اُس آگ پر جو خُداوند نے لگائی ہے نَوحہ کریں۔

7. اور تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا تا اَیسا نہ ہو کہ تُم مَر جاؤ کیونکہ خُداوند کا مَسح کرنے کا تیل تُم پر لگا ہُؤا ہے ۔ سو اُنہوں نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق عمل کِیا۔

8. اور خُداوند نے ہارُون سے کہا کہ۔

9. تُو یا تیرے بیٹے مَے یا شراب پی کر کبھی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر داخِل نہ ہونا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ ۔ یہ تُمہارے لِئے نسل در نسل ہمیشہ تک ایک قانُون رہے گا۔

10. تاکہ تُم مُقدّس اور عام اشیا میں اور پاک اور ناپاک میں تمیز کر سکو۔

11. اور بنی اِسرائیل کو وہ سب آئِین سِکھا سکو جو خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت اُن کو فرمائے ہیں۔

احبار 10