یشوع 15:13-28 اردو جیو ورژن (UGV)

13. رب کے حکم کے مطابق یشوع نے کالب بن یفُنّہ کو اُس کا حصہ یہوداہ میں دے دیا۔ وہاں اُسے حبرون شہر مل گیا۔ اُس وقت اُس کا نام قِریَت اربع تھا (اربع عناق کا باپ تھا)۔

14. حبرون میں تین عناقی بنام سیسی، اخی مان اور تلمی اپنے گھرانوں سمیت رہتے تھے۔ کالب نے تینوں کو حبرون سے نکال دیا۔

15. پھر وہ آگے دبیر کے باشندوں سے لڑنے چلا گیا۔ دبیر کا پرانا نام قِریَت سِفر تھا۔

16. کالب نے کہا، ”جو قِریَت سِفر پر فتح پا کر قبضہ کرے گا اُس کے ساتھ مَیں اپنی بیٹی عکسہ کا رشتہ باندھوں گا۔“

17. کالب کے بھائی غُتنی ایل بن قنز نے شہر پر قبضہ کر لیا۔ چنانچہ کالب نے اُس کے ساتھ اپنی بیٹی عکسہ کی شادی کر دی۔

18. جب عکسہ غُتنیایل کے ہاں جا رہی تھی تو اُس نے اُسے اُبھارا کہ وہ کالب سے کوئی کھیت پانے کی درخواست کرے۔ اچانک وہ گدھے سے اُتر گئی۔ کالب نے پوچھا، ”کیا بات ہے؟“

19. عکسہ نے جواب دیا، ”جہیز کے لئے مجھے ایک چیز سے نوازیں۔ آپ نے مجھے دشتِ نجب میں زمین دے دی ہے۔ اب مجھے چشمے بھی دے دیجئے۔“ چنانچہ کالب نے اُسے اپنی ملکیت میں سے اوپر اور نیچے والے چشمے بھی دے دیئے۔

20. جو موروثی زمین یہوداہ کے قبیلے کو اُس کے کنبوں کے مطابق ملی

21. اُس میں ذیل کے شہر شامل تھے۔ جنوب میں ملکِ ادوم کی سرحد کی طرف یہ شہر تھے: قبضئیل، عِدر، یجور،

22. قینہ، دیمونہ، عدعدہ،

23. قادس، حصور، اِتنان،

24. زیف، طِلِم، بعلوت،

25. حصور حدتہ، قریوت حصرون یعنی حصور،

26. اَمام، سمع، مولادہ،

27. حصار جدہ، حشمون، بیت فلط،

28. حصار سوعال، بیرسبع، بِزیوتیاہ،

یشوع 15