گنتی 3:11-26 اردو جیو ورژن (UGV)

11. رب نے موسیٰ سے یہ بھی کہا،

12. ”مَیں نے اسرائیلیوں میں سے لاویوں کو چن لیا ہے۔ وہ تمام اسرائیلی پہلوٹھوں کے عوض میرے لئے مخصوص ہیں،

13. کیونکہ تمام پہلوٹھے میرے ہی ہیں۔ جس دن مَیں نے مصر میں تمام پہلوٹھوں کو مار دیا اُس دن مَیں نے اسرائیل کے پہلوٹھوں کو اپنے لئے مخصوص کیا، خواہ وہ انسان کے تھے یا حیوان کے۔ وہ میرے ہی ہیں۔ مَیں رب ہوں۔“

14. رب نے سینا کے ریگستان میں موسیٰ سے کہا،

15. ”لاویوں کو گن کر اُن کے آبائی گھرانوں اور کنبوں کے مطابق رجسٹر میں درج کرنا۔ ہر بیٹے کو گننا ہے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کا ہے۔“

16. موسیٰ نے ایسا ہی کیا۔

17. لاوی کے تین بیٹے جَیرسون، قِہات اور مِراری تھے۔

18. جَیرسون کے دو کنبے اُس کے بیٹوں لِبنی اور سِمعی کے نام رکھتے تھے۔

19. قِہات کے چار کنبے اُس کے بیٹوں عمرام، اِضہار، حبرون اور عُزی ایل کے نام رکھتے تھے۔

20. مِراری کے دو کنبے اُس کے بیٹوں محلی اور مُوشی کے نام رکھتے تھے۔ غرض لاوی کے قبیلے کے کنبے اُس کے پوتوں کے نام رکھتے تھے۔

21. جَیرسون کے دو کنبوں بنام لِبنی اور سِمعی

22. کے 7,500 مرد تھے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے۔

23. اُنہیں اپنے خیمے مغرب میں مقدِس کے پیچھے لگانے تھے۔

24. اُن کا راہنما اِلیاسف بن لائیل تھا،

25. اور وہ خیمے کو سنبھالتے تھے یعنی اُس کی پوششیں، خیمے کے دروازے کا پردہ،

26. خیمے اور قربان گاہ کی چاردیواری کے پردے، چاردیواری کے دروازے کا پردہ اور تمام رسّے۔ اِن چیزوں سے متعلق ساری خدمت اُن کی ذمہ داری تھی۔

گنتی 3