گنتی 28:15-26 اردو جیو ورژن (UGV)

15. اِس قربانی اور روزمرہ کی قربانیوں کے علاوہ رب کو ایک بکرا گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرنا۔

16. پہلے مہینے کے چودھویں دن فسح کی عید منائی جائے۔

17. اگلے دن پورے ہفتے کی وہ عید شروع ہوتی ہے جس کے دوران تمہیں صرف بےخمیری روٹی کھانی ہے۔

18. پہلے دن کام نہ کرنا بلکہ مُقدّس اجتماع کے لئے اکٹھے ہونا۔

19. رب کے حضور بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر دو جوان بَیل، ایک مینڈھا اور بھیڑ کے سات یکسالہ بچے پیش کرنا۔ سب بغیر نقص کے ہوں۔

20. ہر جانور کے ساتھ غلہ کی نذر بھی پیش کرنا جس کے لئے تیل کے ساتھ ملایا گیا بہترین میدہ استعمال کیا جائے۔ ہر بَیل کے ساتھ ساڑھے 4 کلو گرام، ہر مینڈھے کے ساتھ 3 کلو گرام

21. اور بھیڑ کے ہر بچے کے ساتھ ڈیڑھ کلو گرام میدہ پیش کرنا۔

22. گناہ کی قربانی کے طور پر ایک بکرا بھی پیش کرنا تاکہ تمہارا کفارہ دیا جائے۔

23-24. اِن تمام قربانیوں کو عید کے دوران ہر روز پیش کرنا۔ یہ روزمرہ کی بھسم ہونے والی قربانیوں کے علاوہ ہیں۔ اِس خوراک کی خوشبو رب کو پسند ہے۔

25. ساتویں دن کام نہ کرنا بلکہ مُقدّس اجتماع کے لئے اکٹھے ہونا۔

26. فصل کی کٹائی کے پہلے دن کی عید پر جب تم رب کو اپنی فصل کی پہلی پیداوار پیش کرتے ہو تو کام نہ کرنا بلکہ مُقدّس اجتماع کے لئے اکٹھے ہونا۔

گنتی 28