کلسیوں 4:1-11 اردو جیو ورژن (UGV)

1. مالکو، اپنے غلاموں کے ساتھ منصفانہ اور جائز سلوک کریں۔ آپ تو جانتے ہیں کہ آسمان پر آپ کا بھی مالک ہے۔

2. دعا میں لگے رہیں۔ اور دعا کرتے وقت شکرگزاری کے ساتھ جاگتے رہیں۔

3. ساتھ ساتھ ہمارے لئے بھی دعا کریں تاکہ اللہ ہمارے لئے کلام سنانے کا دروازہ کھولے اور ہم مسیح کا راز پیش کر سکیں۔ آخر مَیں اِسی راز کی وجہ سے قید میں ہوں۔

4. دعا کریں کہ مَیں اِسے یوں پیش کروں جس طرح کرنا چاہئے، کہ اِسے صاف سمجھا جا سکے۔

5. جو اب تک ایمان نہ لائے ہوں اُن کے ساتھ دانش مندانہ سلوک کریں۔ اِس سلسلے میں ہر موقع سے فائدہ اُٹھائیں۔

6. آپ کی گفتگو ہر وقت مہربان ہو، ایسی کہ مزہ آئے اور آپ ہر ایک کو مناسب جواب دے سکیں۔

7. جہاں تک میرا تعلق ہے ہمارا عزیز بھائی تُخِکُس آپ کو سب کچھ بتا دے گا۔ وہ ایک وفادار خادم اور خداوند میں ہم خدمت رہا ہے۔

8. مَیں نے اُسے خاص کر اِس لئے آپ کے پاس بھیج دیا تاکہ آپ کو ہمارا حال معلوم ہو جائے اور وہ آپ کی حوصلہ افزائی کرے۔

9. وہ ہمارے وفادار اور عزیز بھائی اُنیسمس کے ساتھ آپ کے پاس آ رہا ہے، وہی جو آپ کی جماعت سے ہے۔ دونوں آپ کو وہ سب کچھ سنا دیں گے جو یہاں ہو رہا ہے۔

10. ارسترخس جو میرے ساتھ قید میں ہے آپ کو سلام کہتا ہے اور اِسی طرح برنباس کا کزن مرقس بھی۔ (آپ کو اُس کے بارے میں ہدایات دی گئی ہیں۔ جب وہ آپ کے پاس آئے تو اُسے خوش آمدید کہنا۔)

11. عیسیٰ جو یُوستس کہلاتا ہے بھی آپ کو سلام کہتا ہے۔ اُن میں سے جو میرے ساتھ اللہ کی بادشاہی میں خدمت کر رہے ہیں صرف یہ تین مرد یہودی ہیں۔ اور یہ میرے لئے تسلی کا باعث رہے ہیں۔

کلسیوں 4