13. ایک دوسرے کو برداشت کریں، اور اگر آپ کی کسی سے شکایت ہو تو اُسے معاف کر دیں۔ ہاں، یوں معاف کریں جس طرح خداوند نے آپ کو معاف کر دیا ہے۔
14. اِن کے علاوہ محبت بھی پہن لیں جو سب کچھ باندھ کر کاملیت کی طرف لے جاتی ہے۔
15. مسیح کی سلامتی آپ کے دلوں میں حکومت کرے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو اِسی سلامتی کی زندگی گزارنے کے لئے بُلا کر ایک بدن میں شامل کر دیا ہے۔ شکرگزار بھی رہیں۔
16. آپ کی زندگی میں مسیح کے کلام کی پوری دولت گھر کر جائے۔ ایک دوسرے کو ہر طرح کی حکمت سے تعلیم دیتے اور سمجھاتے رہیں۔ ساتھ ساتھ اپنے دلوں میں اللہ کے لئے شکرگزاری کے ساتھ زبور، حمد و ثنا اور روحانی گیت گاتے رہیں۔
17. اور جو کچھ بھی آپ کریں خواہ زبانی ہو یا عملی وہ خداوند عیسیٰ کا نام لے کر کریں۔ ہر کام میں اُسی کے وسیلے سے خدا باپ کا شکر کریں۔
18. بیویو، اپنے شوہر کے تابع رہیں، کیونکہ جو خداوند میں ہے اُس کے لئے یہی مناسب ہے۔
19. شوہرو، اپنی بیویوں سے محبت رکھیں۔ اُن سے تلخ مزاجی سے پیش نہ آئیں۔
20. بچو، ہر بات میں اپنے ماں باپ کے تابع رہیں، کیونکہ یہی خداوند کو پسند ہے۔
21. والدو، اپنے بچوں کو مشتعل نہ کریں، ورنہ وہ بےدل ہو جائیں گے۔
22. غلامو، ہر بات میں اپنے دنیاوی مالکوں کے تابع رہیں۔ نہ صرف اُن کے سامنے ہی اور اُنہیں خوش رکھنے کے لئے خدمت کریں بلکہ خلوص دلی اور خداوند کا خوف مان کر کام کریں۔