وسیع 12:1-8 اردو جیو ورژن (UGV)

1. اسرائیل ہَوا چرنے کی کوشش کر رہا ہے، پورا دن وہ مشرقی لُو کے پیچھے بھاگتا رہتا ہے۔ اُس کے جھوٹ اور ظلم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسور سے عہد باندھنے کے ساتھ ساتھ وہ مصر کو بھی زیتون کا تیل بھیج دیتا ہے۔

2. رب عدالت میں یہوداہ سے بھی لڑے گا۔ وہ یعقوب کو اُس کے چال چلن کی سزا، اُس کے اعمال کا مناسب اجر دے گا۔

3. کیونکہ ماں کے پیٹ میں ہی اُس نے اپنے بھائی کی ایڑی پکڑ کر اُسے دھوکا دیا۔ جب بالغ ہوا تو اللہ سے لڑا

4. بلکہ فرشتے سے لڑتے لڑتے اُس پر غالب آیا۔ پھر اُس نے روتے روتے اُس سے التجا کی کہ مجھ پر رحم کر۔ بعد میں یعقوب نے اللہ کو بیت ایل میں پایا، اور وہاں خدا اُس سے ہم کلام ہوا۔

5. رب جو لشکروں کا خدا ہے اور جس کا نام رب ہی ہے، اُس نے فرمایا،

6. ”اپنے خدا کے پاس واپس آ کر رحم اور انصاف قائم رکھ! کبھی اپنے خدا پر اُمید رکھنے سے باز نہ آ۔“

7. اسرائیل تاجر ہے جس کے ہاتھ میں غلط ترازو ہے اور جسے لوگوں سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کا بڑا شوق ہے۔

8. وہ کہتا ہے، ”مَیں امیر ہو گیا ہوں، مَیں نے کثرت کی دولت پائی ہے۔ کوئی ثابت نہیں کر سکے گا کہ مجھ سے یہ تمام ملکیت حاصل کرنے میں کوئی قصور یا گناہ سرزد ہوا ہے۔“

وسیع 12