فلیمون 1:1-13 اردو جیو ورژن (UGV)

1. یہ خط مسیح عیسیٰ کے قیدی پولس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔مَیں اپنے عزیز دوست اور ہم خدمت فلیمون کو لکھ رہا ہوں

2. اور ساتھ ساتھ اپنی بہن افیہ، اپنے ہم سپاہ ارخپس اور اُس جماعت کو جو آپ کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔

3. خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔

4. جب بھی مَیں دعا کرتا ہوں تو آپ کو یاد کر کے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔

5. کیونکہ مجھے خداوند عیسیٰ کے بارے میں آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کی خبر ملتی رہتی ہے۔

6. میری دعا ہے کہ آپ کی جو رفاقت ایمان سے پیدا ہوئی ہے وہ آپ میں یوں زور پکڑے کہ آپ کو بہتر طور پر ہر اُس اچھی چیز کی سمجھ آئے جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔

7. بھائی، آپ کی محبت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی اور تسلی ہوئی ہے، کیونکہ آپ نے مُقدّسین کے دلوں کو تر و تازہ کر دیا ہے۔

8. اِس وجہ سے مَیں مسیح میں اِتنی دلیری محسوس کرتا ہوں کہ آپ کو وہ کچھ کرنے کا حکم دوں جو اب مناسب ہے۔

9. توبھی مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ محبت کی بنا پر آپ سے اپیل ہی کرتا ہوں۔ گو مَیں پولس مسیح عیسیٰ کا ایلچی بلکہ اب اُس کا قیدی بھی ہوں

10. توبھی منت کر کے اپنے بیٹے اُنیسمس کی سفارش کرتا ہوں۔ کیونکہ میرے قید میں ہوتے ہوئے وہ میرا بیٹا بن گیا۔

11. پہلے تو وہ آپ کے کام نہیں آ سکتا تھا، لیکن اب وہ آپ کے لئے اور میرے لئے کافی مفید ثابت ہوا ہے۔

12. اب مَیں اِس کو گویا اپنی جان کو آپ کے پاس واپس بھیج رہا ہوں۔

13. اصل میں مَیں اُسے اپنے پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ جب تک مَیں خوش خبری کی خاطر قید میں ہوں وہ آپ کی جگہ میری خدمت کرے۔

فلیمون 1