حزقی ایل 48:14-28 اردو جیو ورژن (UGV)

14. رب کے لئے مخصوص یہ علاقہ پورے ملک کا بہترین حصہ ہے۔ اُس کا کوئی بھی پلاٹ کسی دوسرے کے ہاتھ میں دینے کی اجازت نہیں۔ اُسے نہ بیچا جائے، نہ کسی دوسرے کو کسی پلاٹ کے عوض میں دیا جائے۔ کیونکہ یہ علاقہ رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔

15. رب کے مقدِس کے اِس خاص علاقے کے جنوب میں ایک اَور خطہ ہو گا جس کی لمبائی ساڑھے 12 کلو میٹر اور چوڑائی اڑھائی کلو میٹر ہے۔ وہ مُقدّس نہیں ہے بلکہ عام لوگوں کی رہائش کے لئے ہو گا۔ اِس کے بیچ میں شہر ہو گا، جس کے ارد گرد چراگاہیں ہوں گی۔

16. یہ شہر مربع شکل کا ہو گا۔ لمبائی اور چوڑائی دونوں سوا دو دو کلو میٹر ہو گی۔

17. شہر کے چاروں طرف جانوروں کو چَرانے کی کھلی جگہ ہو گی جس کی چوڑائی 133 میٹر ہو گی۔

18. چونکہ شہر اپنے خطے کے بیچ میں ہو گا اِس لئے مذکورہ کھلی جگہ کے مشرق میں ایک خطہ باقی رہ جائے گا جس کا مشرق سے شہر تک فاصلہ 5 کلو میٹر اور شمال سے جنوب تک فاصلہ اڑھائی کلو میٹر ہو گا۔ شہر کے مغرب میں بھی اِتنا ہی بڑا خطہ ہو گا۔ اِن دو خطوں میں کھیتی باڑی کی جائے گی جس کی پیداوار شہر میں کام کرنے والوں کی خوراک ہو گی۔

19. شہر میں کام کرنے والے تمام قبیلوں کے ہوں گے۔ وہی اِن کھیتوں کی کھیتی باڑی کریں گے۔

20. چنانچہ میرے لئے الگ کیا گیا یہ پورا علاقہ مربع شکل کا ہے۔ اُس کی لمبائی اور چوڑائی ساڑھے بارہ بارہ کلو میٹر ہے۔ اِس میں شہر بھی شامل ہے۔

21-22. مذکورہ مُقدّس خطے میں مقدِس، اماموں اور باقی لاویوں کی زمینیں ہیں۔ اُس کے مشرق اور مغرب میں باقی ماندہ زمین حکمران کی ملکیت ہے۔ مُقدّس خطے کے مشرق میں حکمران کی زمین ملک کی مشرقی سرحد تک ہو گی اور مُقدّس خطے کے مغرب میں وہ سمندر تک ہو گی۔ شمال سے جنوب تک وہ مُقدّس خطے جتنی چوڑی یعنی ساڑھے 12 کلو میٹر ہو گی۔ شمال میں یہوداہ کا قبائلی علاقہ ہو گا اور جنوب میں بن یمین کا۔

23-27. ملک کے اِس خاص درمیانی حصے کے جنوب میں باقی قبیلوں کو ایک ایک علاقہ ملے گا۔ ہر علاقے کا ایک سرا ملک کی مشرقی سرحد اور دوسرا سرا بحیرۂ روم ہو گا۔ شمال سے لے کر جنوب تک قبائلی علاقوں کی یہ ترتیب ہو گی: بن یمین، شمعون، اِشکار، زبولون اور جد۔

28. جد کے قبیلے کی جنوبی سرحد ملک کی سرحد بھی ہے۔ وہ تمر سے جنوب مغرب میں مریبہ قادس کے چشموں تک چلتی ہے، پھر مصر کی سرحد یعنی وادیٔ مصر کے ساتھ ساتھ شمال مغرب کا رُخ کر کے بحیرۂ روم تک پہنچتی ہے۔

حزقی ایل 48