1. جب تُو اُس ملک میں آباد ہو گا جو رب تجھے میراث میں دے رہا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے تو ہو سکتا ہے کہ کوئی لاش کھلے میدان میں کہیں پڑی پائی جائے۔ اگر معلوم نہ ہو کہ کس نے اُسے قتل کیا ہے
2. تو پہلے ارد گرد کے شہروں کے بزرگ اور قاضی آ کر پتا کریں کہ کون سا شہر لاش کے زیادہ قریب ہے۔
3. پھر اُس شہر کے بزرگ ایک جوان گائے چن لیں جو کبھی کام کے لئے استعمال نہیں ہوئی۔
4. وہ اُسے ایک ایسی وادی میں لے جائیں جس میں نہ کبھی ہل چلایا گیا، نہ پودے لگائے گئے ہوں۔ وادی میں ایسی نہر ہو جو پورا سال بہتی رہے۔ وہیں بزرگ جوان گائے کی گردن توڑ ڈالیں۔
5. پھر لاوی کے قبیلے کے امام قریب آئیں۔ کیونکہ رب تمہارے خدا نے اُنہیں چن لیا ہے تاکہ وہ خدمت کریں، رب کے نام سے برکت دیں اور تمام جھگڑوں اور حملوں کا فیصلہ کریں۔
6. اُن کے دیکھتے دیکھتے شہر کے بزرگ اپنے ہاتھ گائے کی لاش کے اوپر دھو لیں۔
7. ساتھ ساتھ وہ کہیں، ”ہم نے اِس شخص کو قتل نہیں کیا، نہ ہم نے دیکھا کہ کس نے یہ کیا۔
8. اے رب، اپنی قوم اسرائیل کا یہ کفارہ قبول فرما جسے تُو نے فدیہ دے کر چھڑایا ہے۔ اپنی قوم اسرائیل کو اِس بےقصور کے قتل کا قصوروار نہ ٹھہرا۔“ تب مقتول کا کفارہ دیا جائے گا۔