1. رب نے موسیٰ سے کہا،
2. ”اسرائیلیوں کو بتانا کہ اگر کسی نے مَنت مان کر کسی کو رب کے لئے مخصوص کیا ہو تو وہ اُسے ذیل کی رقم دے کر آزاد کر سکتا ہے (مستعمل سِکے مقدِس کے سِکوں کے برابر ہوں):
3. اُس آدمی کے لئے جس کی عمر 20 اور 60 سال کے درمیان ہے چاندی کے 50 سِکے،
4. اِسی عمر کی عورت کے لئے چاندی کے 30 سِکے،
5. اُس لڑکے کے لئے جس کی عمر 5 اور 20 سال کے درمیان ہو چاندی کے 20 سِکے، اِسی عمر کی لڑکی کے لئے چاندی کے 10 سِکے،
6. ایک ماہ سے لے کر 5 سال تک کے لڑکے کے لئے چاندی کے 5 سِکے، اِسی عمر کی لڑکی کے لئے چاندی کے 3 سِکے،
7. ساٹھ سال سے بڑے آدمی کے لئے چاندی کے 15 سِکے اور اِسی عمر کی عورت کے لئے چاندی کے 10 سِکے۔
8. اگر مَنت ماننے والا مقررہ رقم ادا نہ کر سکے تو وہ مخصوص کئے ہوئے شخص کو امام کے پاس لے آئے۔ پھر امام ایسی رقم مقرر کرے جو مَنت ماننے والا ادا کر سکے۔
9. اگر کسی نے مَنت مان کر ایسا جانور مخصوص کیا جو رب کی قربانیوں کے لئے استعمال ہو سکتا ہے تو ایسا جانور مخصوص و مُقدّس ہو جاتا ہے۔
10. وہ اُسے بدل نہیں سکتا۔ نہ وہ اچھے جانور کی جگہ ناقص، نہ ناقص جانور کی جگہ اچھا جانور دے۔ اگر وہ ایک جانور دوسرے کی جگہ دے تو دونوں مخصوص و مُقدّس ہو جاتے ہیں۔