1. رب نے ملاقات کے خیمے میں سے موسیٰ کو بُلا کر کہا
2. کہ اسرائیلیوں کو اطلاع دے،”اگر تم میں سے کوئی رب کو قربانی پیش کرنا چاہے تو وہ اپنے گائےبَیلوں یا بھیڑبکریوں میں سے جانور چن لے۔
3. اگر وہ اپنے گائےبَیلوں میں سے بھسم ہونے والی قربانی چڑھانا چاہے تو وہ بےعیب بَیل چن کر اُسے ملاقات کے خیمے کے دروازے پر پیش کرے تاکہ رب اُسے قبول کرے۔
4. قربانی پیش کرنے والا اپنا ہاتھ جانور کے سر پر رکھے تو یہ قربانی مقبول ہو کر اُس کا کفارہ دے گی۔
5. قربانی پیش کرنے والا بَیل کو وہاں رب کے سامنے ذبح کرے۔ پھر ہارون کے بیٹے جو امام ہیں اُس کا خون رب کو پیش کر کے اُسے دروازے پر کی قربان گاہ کے چار پہلوؤں پر چھڑکیں۔