9. جب یوآب نے دیکھا کہ اُس کے آگے اور پِیچھے دونوں طرف لڑائی کے لِئے صف بندھی ہے تو اُس نے بنی اِسرائیل کے خاص لوگوں کو چُن لِیا اور ارامیوں کے مُقابِل اُن کی صف باندھی۔
10. اور باقی لوگوں کو اپنے بھائی ابِیشے کے ہاتھ سَونپ دِیا اور اُس نے بنی عمُّون کے مُقابِل صف باندھی۔
11. پِھر اُس نے کہا اگر ارامی مُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو تُو میری کُمک کرنا اور اگر بنی عمُّون تُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو مَیں آ کر تیری کُمک کرُوں گا۔
12. سو خُوب حَوصلہ رکھ اور ہم سب اپنی قَوم اور اپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر مَردانگی کریں اور خُداوند جو بِہتر جانے سو کرے۔
13. پس یوآب اور وہ لوگ جو اُس کے ساتھ تھے ارامیوں پر حملہ کرنے کو آگے بڑھے اور وہ اُس کے آگے سے بھاگے۔
14. جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ ارامی بھاگ گئے تو وہ بھی ابِیشے کے سامنے سے بھاگ کر شہر کے اندر گُھس گئے ۔ تب یوآ ب بنی عمُّون کے پاس سے لَوٹ کر یروشلِیم میں آیا۔