4. اور خُداوند میں ہمیں تُم پر بھروسا ہے کہ جو حُکم ہم تُمہیں دیتے ہیں اُس پر عمل کرتے ہو اور کرتے بھی رہو گے۔
5. خُداوند تُمہارے دِلوں کو خُدا کی مُحبّت اور مسِیح کے صبر کی طرف ہدایت کرے۔
6. اَے بھائِیو ! ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے نام سے تُمہیں حُکم دیتے ہیں کہ ہر ایک اَیسے بھائی سے کنارہ کرو جو بے قاعِدہ چَلتا ہے اور اُس روایت پر عمل نہیں کرتا جو اُس کو ہماری طرف سے پُہنچی۔
7. کیونکہ تُم آپ جانتے ہو کہ ہماری مانِند کِس طرح بننا چاہئے اِس لِئے کہ ہم تُم میں بے قاعِدہ نہ چلتے تھے۔
8. اور کِسی کی روٹی مُفت نہ کھاتے تھے بلکہ مِحنت مُشقّت سے رات دِن کام کرتے تھے تاکہ تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالیں۔
9. اِس لِئے نہیں کہ ہم کو اِختیار نہ تھا بلکہ اِس لِئے کہ اپنے آپ کو تُمہارے واسطے نمُونہ ٹھہرائیں تاکہ تُم ہماری مانِند بنو۔
10. اور جب ہم تُمہارے پاس تھے اُس وقت بھی تُم کو یہ حُکم دیتے تھے کہ جِسے مِحنت کرنا منظُور نہ ہو وہ کھانے بھی نہ پائے۔