۲- توارِیخ 33:16-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

16. اور اُس نے خُداوند کے مذبح کی مرمّت کی اور اُس پر سلامتی کے ذبِیحوں کی اور شُکرگُذاری کی قُربانیاں چڑھائِیں اور یہُودا ہ کو خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کا حُکم دِیا۔

17. تَو بھی لوگ اُونچے مقاموں میں قُربانی کرتے رہے پر فقط خُداوند اپنے خُدا کے لِئے۔

18. اور منسّی کے باقی کام اور اپنے خُدا سے اُس کی دُعا اور اُن غَیب بِینوں کی باتیں جِنہوں نے خُداوند اِسرائیل کے خُدا کے نام سے اُس کے ساتھ کلام کِیا ۔ وہ سب اِسرائیل کے بادشاہوں کے اعمال کے ساتھ قلمبند ہیں۔

19. اُس کی دُعا اور اُس کا قبُول ہونا اور اُس کی خاکساری سے پہلے کی سب خطائیں اور اُس کی بے اِیمانی اور وہ جگہیں جہاں اُس نے اُونچے مقام بنوائے اور یسِیرتیں اور کھودی ہُوئی مُورتیں کھڑی کِیں یہ سب باتیں حُوز ی کی تارِیخ میں قلمبند ہیں۔

20. اور منسّی اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے اُسی کے گھر میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا امُون اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔

21. امُون بائِیس برس کا تھا جب وہ سلطنت کرنے لگا اور اُس نے دو برس یروشلیِم میں سلطنت کی۔

22. اور جو خُداوند کی نظر میں بُرا ہے وُہی اُس نے کِیا جَیسا اُس کے باپ منسّی نے کِیا تھا اور امُون نے اُن سب کھودی ہُوئی مُورتوں کے آگے جو اُس کے باپ منسّی نے بنوائی تِھیں قُربانیاں کِیں اور اُن کی پرستِش کی۔

23. اور وہ خُداوند کے حضُور خاکسار نہ بنا جَیسا اُس کا باپ منسّی خاکسار بنا تھا بلکہ امُون نے گُناہ پر گُناہ کِیا۔

۲- توارِیخ 33