1. اب اُس چندے کی بابت جو مُقدّسوں کے لِئے کِیا جاتا ہے جَیسا مَیں نے گلِتیہ کی کلِیسیاؤں کو حُکم دِیا وَیسا ہی تُم بھی کرو۔
2. ہفتہ کے پہلے دِن تُم میں سے ہر شخص اپنی آمدنی کے مُوافِق کُچھ اپنے پاس رکھ چھوڑا کرے تاکہ میرے آنے پر چندے نہ کرنے پڑیں۔
3. اور جب مَیں آؤں گا تو جنہیں تُم منظُور کرو گے اُن کو مَیں خَط دے کر بھیج دُوں گا کہ تُمہاری خَیرات یروشلِیم کو پُہنچا دیں۔
4. اور اگر میرا بھی جانا مُناسِب ہُؤا تو وہ میرے ساتھ ہی جائیں گے۔
5. اور مَیں مَکِدُنیہ ہو کر تُمہارے پاس آؤں گاکیونکہ مُجھے مَکِدُنیہ ہو کر جانا تو ہے ہی۔
6. مگر رہُوں شاید تُمہارے ہی پاس اور جاڑا بھی تُمہارے ہی پاس کاٹُوں تاکہ جِس طرف مَیں جانا چاہُوں تُم مُجھے اُس طرف روانہ کر دو۔