یُوحنّا 14:24-30 Urdu Bible Revised Version (URD)

24. جو مُجھ سے مُحبّت نہیں رکھتا وہ میرے کلام پر عمل نہیں کرتا اور جو کلام تُم سُنتے ہو وہ میرا نہیں بلکہ باپ کا ہے جِس نے مُجھے بھیجا۔

25. مَیں نے یہ باتیں تُمہارے ساتھ رہ کر تُم سے کہِیں۔

26. لیکن مددگار یعنی رُوحُ القُدس جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا وُہی تُمہیں سب باتیں سِکھائے گا اور جو کُچھ مَیں نے تُم سے کہا ہے وہ سب تُمہیں یاد دِلائے گا۔

27. مَیں تُمہیں اِطمِینان دِئے جاتا ہُوں ۔ اپنا اِطمِینان تُمہیں دیتا ہُوں ۔ جِس طرح دُنیا دیتی ہے مَیں تُمہیں اُس طرح نہیں دیتا ۔ تُمہارا دِل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔

28. تُم سُن چُکے ہو کہ مَیں نے تُم سے کہا کہ جاتا ہُوں اور تُمہارے پاس پِھر آتا ہُوں ۔ اگر تُم مُجھ سے مُحبّت رکھتے تو اِس بات سے کہ مَیں باپ کے پاس جاتا ہُوں خُوش ہوتے کیونکہ باپ مُجھ سے بڑا ہے۔

29. اور اب مَیں نے تُم سے اِس کے ہونے سے پہلے کہہ دِیا ہے تاکہ جب ہو جائے تو تُم یقِین کرو۔

30. اِس کے بعد مَیں تُم سے بُہت سی باتیں نہ کرُوں گا کیونکہ دُنیا کا سردار آتا ہے اور مُجھ میں اُس کا کُچھ نہیں۔

یُوحنّا 14