21. سو امِیروں نے اُن سے یِہی کہا کہ اُن کو جِیتا چھوڑو ۔ پس وہ ساری جماعت کے لِئے لکڑہارے اور پانی بھرنے والے بنے جَیسا امِیروں نے اُن سے کہا تھا۔
22. تب یشُوع نے اُن کو بُلوا کر اُن سے کہا جِس حال کہ تُم ہمارے درمِیان رہتے ہو تُم نے یہ کہہ کر ہم کو کیوں فریب دِیا کہ ہم تُم سے بُہت دُور رہتے ہیں؟۔
23. اِس لِئے اب تُم لَعنتی ٹھہرے اور تُم میں سے کوئی اَیسا نہ رہے گا جو غُلام یعنی میرے خُدا کے گھر کے لِئے لکڑہارا اور پانی بھرنے والا نہ ہو۔
24. اُنہوں نے یشُوع کو جواب دِیا کہ تیرے خادِموں کو تحقِیق یہ خبر مِلی تھی کہ خُداوند تیرے خُدا نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو فرمایا کہ سارا مُلک تُم کو دے اور اِس مُلک کے سب باشِندوں کو تُمہارے سامنے سے نیست ونابُود کرے ۔ سو ہم کو تُمہارے سبب سے اپنی جانوں کے لالے پڑ گئے اِس لِئے ہم نے یہ کام کِیا۔