یسعیاہ 66:4-16 Urdu Bible Revised Version (URD)

4. مَیں بھی اُن کے لِئے آفتوں کو چُن لُوں گا اور جِن باتوں سے وہ ڈرتے ہیں اُن پر لاؤُں گا کیونکہ جب مَیں نے پُکاراتو کِسی نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ اُنہوں نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

5. خُداوند کی بات سُنو اَے تُم جو اُس کے کلام سے کانپتے ہو! تُمہارے بھائی جو تُم سے کِینہ رکھتے ہیں اور میرے نام کی خاطِر تُم کو خارِج کر دیتے ہیں کہتے ہیں خُداوندکی تمجِید کرو تاکہ ہم تُمہاری خُوشی کو دیکھیں لیکن وُہی شرمِندہ ہوں گے۔

6. شہر سے ہجُوم کا شور! ہَیکل کی طرف سے ایک نِدا! خُداوند کی آواز ہے جو اپنے دُشمنوں کو بدلہ دیتا ہے۔

7. پیشتر اِس سے کہ اُسے درد لگے اُس نے جنم دِیا اور اِس سے پہلے کہ اُس کو درد ہو اُس سے بیٹا پَیدا ہُؤا۔

8. اَیسی بات کِس نے سُنی؟ اَیسی چِیزیں کِس نے دیکِھیں؟کیا ایک دِن میں کوئی مُلک پَیدا ہو سکتا ہے؟ کیا یکبارگی ایک قَوم پَیدا ہو جائے گی؟ کیونکہ صِیُّون کو درد لگے ہی تھے کہ اُس کی اَولاد پَیدا ہو گئی۔

9. خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اُسے وِلادت کے وقت تک لاؤُں اور پِھر اُس سے وِلادت نہ کراؤُں؟ تیرا خُدا فرماتاہے کیا مَیں جو وِلادت تک لاتا ہُوں وِلادت سے باز رکُھّوں؟۔

10. تُم یروشلیِم کے ساتھ خُوشی مُنائو اور اُس کے سببسے شادمان ہو ۔اُس کے سب دوستو ۔ جو اُس کے لِئے ماتم کرتےتھے اُس کے ساتھ نِہایت خُوش ہو۔

11. تاکہ تُم دُودھ پِیو اور اُس کے تسلّی کے پِستانوںسے سیر ہوتاکہ تُم نِچوڑو اور اُس کی شَوکت کی فراوانی سےحظّ اُٹھاؤ۔

12. کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں سلامتی نہر کی مانِند اور قَوموں کی دَولت سَیلاب کی طرح اُس کے پاس رواں کرُوں گا تب تُم دُودھ پِیو گے اور بغل میں اُٹھائے جاؤ گے اور گُھٹنوں پر کُدائے جاؤ گے۔

13. جِس طرح ماں اپنے بیٹے کو دِلاسا دیتی ہے اُسی طرح مَیں تُم کو دِلاسا دُوں گا ۔ یروشلیِم ہی میں تُم تسلّی پاؤ گے۔

14. اور تُم دیکھو گے اور تُمہارا دِل خُوش ہو گا اور تُمہاری ہڈّ ِیاں سبزہ کی مانِند نشو و نُما پائیں گی اور خُداوندکا ہاتھ اپنے بندوں پر ظاہِر ہو گا پر اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔

15. کیونکہ دیکھو خُداوند آگ کے ساتھ آئے گا اور اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند ہوں گے تاکہ اپنے قہر کو جوش کے ساتھ اور اپنی تنبِیہہ کو آگ کے شُعلہ میں ظاہِر کرے۔

16. کیونکہ آگ سے اور اپنی تلوار سے خُداوند تمام بنی آدم کا مُقابلہ کرے گا اور خُداوند کے مقتُول بُہت سے ہوں گے۔

یسعیاہ 66