1. اُن ہی دِنوں میں حِزقیاہ اَیسا بِیمار پڑا کہ مَرنے کے قرِیب ہو گیا اور یسعیا ہ نبی آمُوص کے بیٹے نے اُس کے پاس آ کر اُس سے کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اپنے گھر کا اِنتظام کر دے کیونکہ تُومَرجائے گا اور بچنے کا نہیں۔
2. تب حِزقیاہ نے اپنا مُنہ دِیوار کی طرف کِیا اور خُداوند سے دُعا کی۔
3. اور کہا اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں یادفرما کہ مَیں تیرے حضُور سچّائی اور پُورے دِل سے چلتارہا ہُوں اور جو تیری نظر میں بھلا ہے وُہی کِیا ہے اورحِزقیاہ زار زار رویا۔
4. تب خُداوند کا یہ کلام یسعیا ہ پر نازِل ہُؤا۔
5. کہ جا اور حِزقیاہ سے کہہ کہ خُداوند تیرے باپ داؤُد کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تیری دُعاسُنی ۔ مَیں نے تیرے آنسُو دیکھے۔ سو دیکھ مَیں تیری عُمر پندرہ برس اَور بڑھا دُوں گا۔
6. اور مَیں تُجھ کو اور اِس شہر کو شاہِ اسُور کے ہاتھ سے بچا لُوں گا اور مَیں اِس شہر کی حِمایت کرُوں گا۔
7. اور خُداوند کی طرف سے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ خُداوند اِس بات کو جو اُس نے فرمائی پُورا کرے گا۔
8. دیکھ مَیں آفتاب کے ڈھلے ہُوئے سایہ کے درجوں میں سے آخز کی دُھوپ گھڑی کے مُطابِق دس درجہ پِیچھے کو لَوٹا دُوں گا ۔ چُنانچہ آفتاب جِن درجوں سے ڈھل گیا تھا اُن میں کے دس درجے پِھر لَوٹ گیا۔
9. شاہِ یہُودا ہ حِزقیاہ کی تحرِیر جب وہ بِیمار تھااوراپنی بِیماری سے شِفایاب ہُؤا۔
10. مَیں نے کہا مَیں اپنی آدھی عُمر میںپاتال کے پھاٹکوں میں داخِل ہُوں گا۔میری زِندگی کے باقی برس مُجھ سے چِھین لِئےگئے۔
11. مَیں نے کہا مَیں خُداوند کو ہاں خُداوند کوزِندوں کی زمِین میں پِھر نہ دیکُھوں گا۔اِنسان اور دُنیا کے باشِندے مُجھے پِھر دِکھائی نہدیں گے۔