1. تُجھ پر افسوس کہ تُو غارت کرتا ہے اور غارت نہ کِیا گیا تھا! تُو دغابازی کرتا ہے اور کِسی نے تُجھ سے دغابازی نہ کی تھی ۔ جب تُو غارت کر چُکے گا تو تُو غارت کِیاجائے گا اور جب تُو دغابازی کر چُکے گا تو اَور لوگ تُجھ سے دغابازی کریں گے۔
2. اَے خُداوند! ہم پر رحم کر کیونکہ ہم تیرے مُنتظِرہیں ۔ تُو ہر صُبح اُن کا بازُو ہو اور مُصِیبت کے وقت ہماری نجات۔
3. ہنگامہ کی آواز سُنتے ہی لوگ بھاگ گئے ۔ تیرے اُٹھتے ہی قَومیں تِتّربِتّر ہو گئِیں۔
4. اور تُمہاری لُوٹ کا مال اُسی طرح بٹورا جائے گا جِس طرح کِیڑے بٹور لیتے ہیں ۔ لوگ اُس پر ٹِڈّی کی طرح ٹُوٹ پڑیں گے۔
5. خُداوند سرفراز ہے کیونکہ وہ بُلندی پر رہتا ہے ۔ اُس نے عدالت اور صداقت سے صِیُّون کو معمُور کر دِیا ہے۔