1. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔
2. ہارُون سے کہہ جب تُو چراغوں کو رَوشن کرے تو ساتوں چراغوں کی رَوشنی شمعدان کے سامنے ہو۔
3. چُنانچہ ہارُون نے اَیسا ہی کِیا ۔ اُس نے چراغوں کو اِس طرح جلایا کہ شمعدان کے سامنے رَوشنی پڑے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔
4. اور شمعدان کی بناوٹ اَیسی تھی کہ وہ پایہ سے لے کر پُھولوں تک گھڑے ہُوئے سونے کا بنا ہُؤا تھا ۔ جو نمُونہ خُداوند نے مُوسیٰ کو دِکھایا اُسی کے مُوافِق اُس نے شمعدان کو بنایا۔
5. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔
6. لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کر کے اُن کو پاک کر۔
7. اور اُن کو پاک کرنے کے لِئے اُن کے ساتھ یہ کرنا کہ خطا کا پانی لے کر اُن پر چِھڑکنا ۔ پِھر وہ اپنے سارے جِسم پر اُسترہ پِھروائیں اور اپنے کپڑے دھوئیں اور اپنے کو صاف کریں۔
8. تب وہ ایک بچھڑا اور اُس کے ساتھ کی نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ لیں اور تُو خطا کی قُربانی کے لِئے ایک دُوسرا بچھڑا بھی لینا۔
9. اور تُو لاوِیوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے آگے حاضِر کرنا اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کرنا۔