گِنتی 8:1-19 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2. ہارُون سے کہہ جب تُو چراغوں کو رَوشن کرے تو ساتوں چراغوں کی رَوشنی شمعدان کے سامنے ہو۔

3. چُنانچہ ہارُون نے اَیسا ہی کِیا ۔ اُس نے چراغوں کو اِس طرح جلایا کہ شمعدان کے سامنے رَوشنی پڑے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

4. اور شمعدان کی بناوٹ اَیسی تھی کہ وہ پایہ سے لے کر پُھولوں تک گھڑے ہُوئے سونے کا بنا ہُؤا تھا ۔ جو نمُونہ خُداوند نے مُوسیٰ کو دِکھایا اُسی کے مُوافِق اُس نے شمعدان کو بنایا۔

5. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

6. لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کر کے اُن کو پاک کر۔

7. اور اُن کو پاک کرنے کے لِئے اُن کے ساتھ یہ کرنا کہ خطا کا پانی لے کر اُن پر چِھڑکنا ۔ پِھر وہ اپنے سارے جِسم پر اُسترہ پِھروائیں اور اپنے کپڑے دھوئیں اور اپنے کو صاف کریں۔

8. تب وہ ایک بچھڑا اور اُس کے ساتھ کی نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ لیں اور تُو خطا کی قُربانی کے لِئے ایک دُوسرا بچھڑا بھی لینا۔

9. اور تُو لاوِیوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے آگے حاضِر کرنا اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کرنا۔

10. پِھر لاوِیوں کو خُداوند کے آگے لانا ۔ تب بنی اِسرائیل اپنے اپنے ہاتھ لاوِیوں پر رکھّیں۔

11. اور ہارُون لاوِیوں کو بنی اِسرائیل کی طرف سے ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذرانے تاکہ وہ خُداوند کی خِدمت کرنے پر رہیں۔

12. پِھر لاوی اپنے اپنے ہاتھ بچھڑوں کے سروں پر رکھّیں اور تُو ایک کو خطا کی قُربانی اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذراننا تاکہ لاوِیوں کے واسطے کفّارہ دِیا جائے۔

13. پِھر تُو لاوِیوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے آگے کھڑا کرنا اور اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذراننا۔

14. یُوں تُو لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کرنا اور لاوی میرے ہی ٹھہریں گے۔

15. اِس کے بعد لاوی خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے لِئے اندر آیا کریں ۔ سو تُو اُن کو پاک کر اور ہِلانے کی قُربانی کے لِئے اُن کو گُذران۔

16. اِس لِئے کہ وہ سب کے سب بنی اِسرائیل میں سے مُجھے بِالکُل دے دِئے گئے ہیں کیونکہ مَیں نے اِن ہی کو اُن سبھوں کے بدلے جو اِسرائیلِیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں اپنے واسطے لے لِیا ہے۔

17. اِس لِئے کہ بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھے کیا اِنسان کیا حَیوان میرے ہیں ۔ مَیں نے جِس دِن مُلکِ مِصر کے پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن اُن کو اپنے لِئے مُقدّس کِیا۔

18. اور بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے مَیں نے لاوِیوں کو لے لِیا ہے۔

19. اور مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو لے کر اُن کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو عطا کِیا ہے تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع میں بنی اِسرائیل کی جگہ خِدمت کریں اور بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا کریں تاکہ جب بنی اِسرائیل مَقدِس کے نزدِیک آئیں تو اُن میں کوئی وبا نہ پَھیلے۔

گِنتی 8