14. اور وہ خُداوند کے حضُور اپنا چڑھاوا چڑھائے یعنی سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ نر برّہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا۔
15. اور بے خمِیری روٹیوں کی ایک ٹوکری اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری روٹیاں اور اُن کی نذر کی قُربانی اور اُن کے تپاون لائے۔
16. اور کاہِن اُن کو خُداوند کے حضُور لا کر اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی گُذرانے۔
17. اور اُس مینڈھے کو بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کے ساتھ خُداوند کے حضُور سلامتی کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی نذر کی قُربانی اور اُس کا تپاون بھی چڑھائے۔
18. پِھر وہ نذیر خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اپنی نذارت کے بال مُنڈوائے اور نذارت کے بالوں کو اُس آگ میں ڈال دے جو سلامتی کی قُربانی کے نِیچے ہو گی۔
19. اور جب نذیر اپنی نذارت کے بال مُنڈوا چُکے تو کاہِن اُس مینڈھے کا اُبالا ہُؤا شانہ اور ایک بے خمِیری روٹی ٹوکری میں سے اور ایک بے خمِیری کُلچہ لے کر اُس نذیر کے ہاتھوں پر اُن کو دھرے۔
20. پِھر کاہِن اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے ۔ ہِلانے کی قُربانی کے سِینہ اور اُٹھانے کی قُربانی کے شانہ کے ساتھ یہ بھی کاہِن کے لِئے مُقدّس ہیں ۔ اِس کے بعد نذیر مَے پی سکے گا۔
21. نذیر جو مَنّت مانے اور جو چڑھاوا اپنی نذارت کے لِئے خُداوند کے حضُور لائے علاوہ اُس کے جِس کا اُسے مقدُور ہو ۔ اُن سبھوں کے بارے میں شرع یہ ہے جَیسی مَنّت اُس نے مانی ہو وَیسا ہی اُس کو نذارت کی شرع کے مُطابِق عمل کرنا پڑے گا۔
22. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔
23. ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ تُم بنی اِسرائیل کو اِس طرح دُعا دِیا کرنا ۔ تُم اُن سے کہنا۔
24. خُداوند تُجھے برکت دے اور تُجھے محفُوظ رکھّے۔
25. خُداوند اپنا چہرہ تُجھ پر جلوہ گر فرمائے اور تُجھ پرمِہربان رہے۔
26. خُداوند اپنا چہرہ تیری طرف مُتوجِّہ کرے اور تُجھےسلامتی بخشے۔
27. اِس طرح وہ میرے نام کو بنی اِسرائیل پر رکھّیں اور مَیں اُن کو برکت بخشُوں گا۔