1. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔
2. بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی مَرد یا عَورت نذیر کی مَنّت یعنی اپنے آپ کو خُداوند کے لِئے الگ رکھنے کی خاص مَنّت مانے۔
3. تو وہ مَے اور شراب سے پرہیز کرے اور مَے کا یا شراب کا سِرکہ نہ پِئے اور نہ انگُور کا رس پِئے اور نہ تازہ یا خُشک انگُور کھائے۔
4. اور اپنی نذارت کے تمام ایّام میں بِیج سے لے کر چِھلکے تک جو کُچھ انگُور کے درخت میں پَیدا ہو اُسے نہ کھائے۔
5. اور اُس کی نذارت کی مَنّت کے دِنوں میں اُس کے سر پر اُسترہ نہ پھیرا جائے ۔ جب تک وہ مُدّت جِس کے لِئے وہ خُداوند کا نذیر بنا ہے پُوری نہ ہو تب تک وہ مُقدّس رہے اور اپنے سر کے بالوں کی لٹوں کو بڑھنے دے۔
6. اُن تمام ایّام میں جب وہ خُداوند کا نذیر ہو وہ کِسی لاش کے نزدِیک نہ جائے۔
7. وہ اپنے باپ یا ماں یا بھائی یا بہن کی خاطِر بھی جب وہ مَریں اپنے آپ کو نجِس نہ کرے کیونکہ اُس کی نذارت جو خُدا کے لِئے ہے اُس کے سر پر ہے۔
8. وہ اپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے۔
9. اور اگر کوئی آدمی ناگہان اُس کے پاس ہی مَر جائے اور اُس کی نذارت کے سر کو ناپاک کر دے تو وہ اپنے پاک ہونے کے دِن اپنا سر مُنڈوائے یعنی ساتویں دِن سر مُنڈوائے۔
10. اور آٹھویں روز دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔
11. اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے کیونکہ وہ مُردہ کے سبب سے گُنہگار ٹھہرا ہے اور اُس کے سر کو اُسی دِن مُقدّس کرے۔
12. پِھر وہ اپنی نذارت کی مُدّت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس کرے اور ایک یکسالہ نر برّہ جُرم کی قُربانی کے لِئے لائے لیکن جو دِن گُذر گئے ہیں وہ گِنے نہیں جائیں گے کیونکہ اُس کی نذارت ناپاک ہو گئی تھی۔
13. اور نذیر کے لِئے شرع یہ ہے کہ جب اُس کی نذارت کے دِن پُورے ہو جائیں تو وہ خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کِیا جائے۔
14. اور وہ خُداوند کے حضُور اپنا چڑھاوا چڑھائے یعنی سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ نر برّہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا۔
15. اور بے خمِیری روٹیوں کی ایک ٹوکری اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری روٹیاں اور اُن کی نذر کی قُربانی اور اُن کے تپاون لائے۔
16. اور کاہِن اُن کو خُداوند کے حضُور لا کر اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی گُذرانے۔