گِنتی 35:5-24 Urdu Bible Revised Version (URD)

5. اور تُم شہر کے باہر مشرِق کی طرف دو ہزار ہاتھ اور جنُوب کی طرف دو ہزار ہاتھ اور مغرِب کی طرف دو ہزار ہاتھ اور شِمال کی طرف دو ہزار ہاتھ اِس طرح پَیمایش کرنا کہ شہر اُن کے بِیچ میں آ جائے ۔ اُن کے شہروں کی اِتنی ہی نواحی ہوں۔

6. اور لاوِیوں کے اُن شہروں میں سے جو تُم اُن کو دو چھ پناہ کے شہر ٹھہرا دینا جِن میں خُونی بھاگ جائیں ۔ اِن شہروں کے علاوہ بیالِیس شہر اَور اُن کو دینا۔

7. یعنی سب مِلا کر اڑتالِیس شہر لاوِیوں کو دینا اور اِن شہروں کے ساتھ اِن کی نواحی بھی ہوں۔

8. اور وہ شہر بنی اِسرائیل کی مِیراث میں سے یُوں دِئے جائیں ۔ جِن کے قبضہ میں بُہت سے شہر ہوں اُن سے بُہت اور جِن کے پاس تھوڑے ہوں اُن سے تھوڑے شہر لینا ۔ ہر قبِیلہ اپنی مِیراث کے مُطابِق جِس کا وہ وارِث ہو لاوِیوں کے لِئے شہر دے۔

9. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

10. بنی اِسرائیل سے کہہ دے کہ جب تُم یَردن کو عبُور کر کے مُلکِ کنعا ن میں پُہنچ جاؤ۔

11. تو تُم کئی اَیسے شہر مُقرّرکرنا جو تُمہارے لِئے پناہ کے شہر ہوں تاکہ وہ خُونی جِس سے سہواً خُون ہو جائے وہاں بھاگ جا سکے۔

12. اِن شہروں میں تُم کو اِنتِقام لینے والے سے پناہ مِلے گی تاکہ خُونی جب تک وہ فَیصلہ کے لِئے جماعت کے آگے حاضِر نہ ہو تب تک مارا نہ جائے۔

13. اور پناہ کے جو شہر تُم دو گے وہ چھ ہوں۔

14. تِین شہر تو یَردن کے پار اور تِین مُلکِ کنعا ن میں دینا ۔ یہ پناہ کے شہر ہوں گے۔

15. اِن چھئوں شہروں میں بنی اِسرائیل کو اور اُن مُسافِروں اور پردیسِیوں کو جو تُم میں بُود و باش کرتے ہیں پناہ مِلے گی تاکہ جِس کِسی سے سہواً خُون ہو جائے وہ وہاں بھاگ جا سکے۔

16. اور اگر کوئی کِسی کو لوہے کے ہتھیار سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

17. یا اگر کوئی اَیسا پتّھر ہاتھ میں لے کر جِس سے آدمی مَر سکتا ہو کِسی کو مارے اور وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

18. یا اگر کوئی چوبی آلہ ہاتھ میں لے کر جِس سے آدمی مَر سکتا ہو کِسی کو مارے اور وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

19. خُون کا اِنتِقام لینے والا خُونی کو آپ ہی قتل کرے ۔ جب وہ اُسے مِلے تب ہی اُسے مار ڈالے۔

20. اور اگر کوئی کِسی کو عداوت سے دھکیل دے یا گھات لگا کر کُچھ اُس پر پھینک دے اور وہ مَر جائے۔

21. یا دُشمنی سے اُسے اپنے ہاتھ سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ جِس نے مارا ہو ضرُور قتل کِیا جائے کیونکہ وہ خُونی ہے ۔ خُون کا اِنتِقام لینے والا اِس خُونی کو جب وہ اُسے مِلے مار ڈالے۔

22. پر اگر کوئی کِسی کو بغیر عداوت کے ناگہان دھکیل دے یا بغیر گھات لگائے اُس پر کوئی چِیز ڈال دے۔

23. یا اُسے بغَیر دیکھے کوئی اَیسا پتّھر اُس پر پھینکے جِس سے آدمی مَر سکتا ہو اور وہ مَر جائے پر یہ نہ تو اُس کا دُشمن اور نہ اُس کے نُقصان کا خواہاں تھا۔

24. تو جماعت اَیسے قاتِل اور خُون کے اِنتِقام لینے والے کے درمِیان اِن ہی احکام کے مُوافِق فَیصلہ کرے۔

گِنتی 35