1. اور بنی رُوبن اور بنی جد کے پاس چَوپایوں کے بُہت بڑے بڑے غول تھے ۔ سو جب اُنہوں نے یَعزیر اور جِلعاد کے مُلکوں کو دیکھا کہ یہ مقام چَوپایوں کے لِئے نِہایت اچھّے ہیں۔
2. تو اُنہوں نے جا کر مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور جماعت کے سرداروں سے کہا کہ۔
3. عَطارات اور دِیبون اور یَعزیر اور نِمر ہ اور حسبو ن اور الیعا لی اورشبام اور نبُو اور بعُو ن۔
4. یعنی وہ مُلک جِس پر خُداوند نے اِسرا ئیل کی جماعت کو فتح دِلائی ہے چَوپایوں کے لِئے نِہایت اچھّا ہے اور تیرے خادِموں کے پاس چَوپائے ہیں۔
5. سو اگر ہم پر تیرے کرم کی نظر ہے تو اِسی مُلک کو اپنے خادِموں کی مِیراث کر دے اور ہم کو یَردن پار نہ لے جا۔
6. مُوسیٰ نے بنی رُوبن اور بنی جدسے کہا کیا تُمہارے بھائی لڑائی میں جائیں اور تُم یہِیں بَیٹھے رہو؟۔
7. تُم کیوں بنی اِسرائیل کو پار اُتر کر اُس مُلک میں جانے سے جو خُداوند نے اُن کو دِیا ہے بے دِل کرتے ہو؟۔
8. تُمہارے باپ دادا نے بھی جب مَیں نے اُن کو قادِس بَرنِیعَ سے بھیجا کہ مُلک کا حال دریافت کریں تو اَیسا ہی کِیا تھا۔
9. کیونکہ جب وہ وادیِ اِسکال میں پُہنچے اور اُس مُلک کو دیکھا تو اُنہوں نے بنی اِسرائیل کو بے دِل کر دِیا تاکہ وہ اُس مُلک میں جو خُداوند نے اُن کو عِنایت کِیا نہ جائیں۔
10. اور اُسی دِن خُداوند کا غضب بھڑکا اور اُس نے قَسم کھا کر کہا کہ۔
11. اُن لوگوں میں سے جو مِصر سے نِکل کر آئے ہیں بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا کوئی شخص اُس مُلک کو نہیں دیکھنے پائے گا جِس کے دینے کی قَسم میں نے ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب سے کھائی کیونکہ اُنہوں نے میری پُوری پَیروی نہیں کی۔
12. مگر یفُنّہ قنِزّی کا بیٹا کالِب اور نُون کا بیٹا یشُوع اُسے دیکھیں گے کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کی پُوری پَیروی کی ہے۔
13. سو خُداوند کا قہر اِسرا ئیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو بیابان میں چالِیس برس تک آوارہ پِھرایا جب تک کہ اُس پُشت کے سب لوگ جِنہوں نے خُداوند کے رُوبرُو گُناہ کِیا تھا نابُود نہ ہو گئے۔
14. اور دیکھو تُم جو گُنہگاروں کی نسل ہو اب اپنے باپ دادا کی جگہ اُٹھے ہو تاکہ خُداوند کے قہرِ شدِید کو اِسرائیلِیوں پر زِیادہ کراؤ۔
15. کیونکہ اگر تُم اُس کی پَیروی سے پِھر جاؤ تو وہ اُن کو پِھر بیابان میں چھوڑ دے گا اور تُم اِن سب لوگوں کو ہلاک کراؤ گے۔
16. تب وہ اُس کے نزدِیک آ کر کہنے لگے کہ ہم اپنے چَوپایوں کے لِئے یہاں بھیڑسالے اور اپنے بال بچّوں کے لِئے شہر بنائیں گے۔
17. پر ہم خُود ہتھیار باندھے ہُوئے تیّار رہیں گے کہ بنی اِسرائیل کے آگے آگے چلیں جب تک کہ اُن کو اُن کی جگہ تک نہ پُہنچا دیں اور ہمارے بال بچّے اِس مُلک کے باشِندوں کے سبب سے فصِیل دار شہروں میں رہیں گے۔
18. اور ہم اپنے گھروں کو پِھر واپس نہیں آئیں گے جب تک بنی اِسرائیل کا ایک ایک آدمی اپنی مِیراث کا مالِک نہ ہو جائے۔
19. اور ہم اُن میں شامِل ہو کر یَردن کے اُس پار یا اُس سے آگے مِیراث نہ لیں گے کیونکہ ہماری مِیراث یَردن کے اِس پار مشرِق کی طرف ہم کو مِل گئی۔
20. مُوسیٰ نے اُن سے کہا اگر تُم یہ کام کرو اور خُداوند کے حضُور مُسلّح ہو کر لڑنے جاؤ۔
21. اور تُمہارے ہتھیاربند جوان خُداوند کے حضُور یَردن پار جائیں جب تک کہ خُداوند اپنے دُشمنوں کو اپنے سامنے سے دفع نہ کرے۔
22. اور وہ مُلک خُداوند کے حضُور قبضہ میں نہ آ جائے تو اِس کے بعد تُم واپس آؤ ۔ پِھر تُم خُداوند کے حضُور اور اِسرا ئیل کے آگے بے گُناہ ٹھہرو گے اور یہ مُلک خُداوند کے حضُور تُمہاری مِلکِیّت ہو جائے گا۔
23. لیکن اگر تُم اَیسا نہ کرو تو تُم خُداوند کے گُنہگار ٹھہرو گے اور یہ جان لو کہ تُمہارا گُناہ تُم کو پکڑے گا۔
24. سو تُم اپنے بال بچّوں کے لِئے شہر اور اپنی بھیڑ بکرِیوں کے لِئے بھیڑسالے بناؤ ۔ جو تُمہارے مُنہ سے نِکلا ہے وُہی کرو۔
25. تب بنی جداور بنی رُوبن نے مُوسیٰ سے کہا کہ تیرے خادِم جَیسا ہمارے مالِک کا حُکم ہے وَیسا ہی کریں گے۔
26. ہمارے بال بچّے ہماری بِیویاں ہماری بھیڑ بکرِیاں اور ہمارے سب چَوپائے جِلعاد کے شہروں میں رہیں گے۔
27. پر ہم جو تیرے خادِم ہیں سو ہمارا ایک ایک مُسلّح جوان خُداوند کے حضُور لڑنے کو پار جائے گا جَیسا ہمارا مالِک کہتا ہے۔
28. تب مُوسیٰ نے اُن کے بارے میں الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور اِسرائیلی قبائِل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو وصِیّت کی۔
29. اور اُن سے یہ کہا کہ اگر بنی جد اور بنی رُوبن کا ایک ایک مَرد خُداوند کے حضُور تُمہارے ساتھ یَردن کے پار مُسلّح ہو کر لڑائی میں جائے اور اُس مُلک پر تُمہارا قبضہ ہو جائے تو تُم جِلعاد کا مُلک اُن کی مِیراث کر دینا۔
30. پر اگر وہ ہتھیار باندھ کر تُمہارے ساتھ پار نہ جائیں تو اُن کو بھی مُلکِ کنعا ن ہی میں تُمہارے بِیچ مِیراث مِلے۔
31. تب بنی جدّ اور بنی رُوبن نے جواب دِیا کہ جَیسا خُداوند نے تیرے خادِموں کو حُکم دِیا ہے ہم وَیسا ہی کریں گے۔
32. ہم ہتھیار باندھ کر خُداوند کے حضُور اُس پار مُلکِ کنعا ن کو جائیں گے پر یَردن کے اِس پار ہی ہماری مِیراث رہے۔
33. تب مُوسیٰ نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کی مملکت اور بسن کے بادشاہ عوج کی مملکت کو یعنی اُن کے مُلکوں کو اور شہروں کو جو اُن اطراف میں تھے اور اُس ساری نواحی کے شہروں کو بنی جد اور بنی رُوبن اور منسّی بِن یُوسف کے آدھے قبِیلہ کو دے دِیا۔
34. تب بنی جدنے دِیبو ن اور عَطارا ت اور عَروعیر۔
35. اور عَطرات شوفان اور یَعزیر اور یُگبِہا۔
36. اور بَیت نِمر ہ اور بَیت ہار ن فصِیل دار شہر اور بھیڑسالے بنائے۔
37. اور بنی رُوبن نے حسبو ن اور الیِعا لی اور قَرِیَتا ئِم۔
38. اور نبُو اور بعل معُون کے نام بدل کراُن کو اور شِبماہ کو بنایا اور اُنہوں نے اپنے بنائے ہُوئے شہروں کے دُوسرے نام رکھّے۔
39. اور منسّی کے بیٹے مکِیر کی نسل کے لوگوں نے جا کر جِلعاد کو لے لِیا اور امورِیوں کو جو وہاں بسے ہُوئے تھے نِکال دِیا۔
40. تب مُوسیٰ نے جِلعاد مکِیر بِن منسّی کو دے دِیا ۔ سو اُس کی نسل کے لوگ وہاں سکُونت کرنے لگے۔
41. اور منسّی کے بیٹے یائِیر نے اُس نواحی کی بستِیوں کو جا کر لے لِیا اور اُن کا نام حوّوت یائِیر رکھّا۔
42. اور نُوبح نے قنات اور اُس کے دیہات کو اپنے تصرُّف میں کر لِیا اور اپنے ہی نام پر اُس کا بھی نام نُوبَح رکھّا۔