گِنتی 20:8-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

8. اُس لاٹھی کو لے اور تُو اور تیرا بھائی ہارُون تُم دونوں جماعت کو اِکٹّھا کرو اور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس چٹان سے کہو کہ وہ اپنا پانی دے اور تُو اُن کے لِئے چٹان ہی سے پانی نِکالنا ۔ یُوں جماعت کو اور اُن کے چَوپایوں کو پِلانا۔

9. چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حضُور سے اُسی کے حُکم کے مُطابِق وہ لاٹھی لی۔

10. اور مُوسیٰ اور ہارُون نے جماعت کو اُس چٹان کے سامنے اِکٹّھا کِیا اور اُس نے اُن سے کہا سُنو اَے باغیو! کیا ہم تُمہارے لِئے اِسی چٹان سے پانی نِکالیں؟۔

11. تب مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور اُس چٹان پر دو بار لاٹھی ماری اور کثرت سے پانی بہہ نِکلا اور جماعت نے اور اُن کے چَوپایوں نے پِیا۔

12. پر مُوسیٰ اور ہارُون سے خُداوند نے کہا چُونکہ تُم نے میرا یقِین نہیں کِیا کہ بنی اِسرائیل کے سامنے میری تقدِیس کرتے اِس لِئے تُم اِس جماعت کو اُس مُلک میں جو مَیں نے اُن کو دِیا ہے نہیں پُہنچانے پاؤ گے۔

13. مریبہ کا چشمہ یِہی ہے کیونکہ بنی اِسرائیل نے خُداوند سے جھگڑا کِیا اور وہ اُن کے درمیان قُدُّوس ثابِت ہُؤا۔

14. اور مُوسیٰ نے قادِ س سے ادُوم کے بادشاہ کے پاس ایلچی روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ تیرا بھائی اِسرا ئیل یہ عرض کرتا ہے کہ تُو ہماری سب مُصیبِتوں سے جو ہم پر آئِیں واقِف ہے۔

15. کہ ہمارے باپ دادا مِصر میں گئے اور ہم بُہت مُدّت تک مِصر میں رہے اور مِصرِیوں نے ہم سے اور ہمارے باپ دادا سے بُرا برتاؤ کِیا۔

16. اور جب ہم نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے ہماری سُنی اور ایک فرِشتہ کو بھیج کر ہم کو مِصر سے نِکال لے آیا ہے اور اب ہم قادِس شہر میں ہیں جو تیری سرحدکے آخِر میں واقِع ہے۔

17. سو ہم کو اپنے مُلک میں سے ہو کر جانے کی اِجازت دے ۔ ہم کھیتوں اور تاکِستانوں میں سے ہو کر نہیں گُذریں گے اور نہ کُنوؤں کا پانی پِئیں گے ۔ ہم شاہراہ پر چل کر جائیں گے اور دہنے یا بائیں ہاتھ نہیں مُڑیں گے جب تک تیری سرحدسے باہر نِکل نہ جائیں۔

18. پر شاہِ ادُوم نے کہلا بھیجا کہ تُو میرے مُلک سے ہو کر جانے نہیں پائے گا ورنہ مَیں تلوار لے کر تیرا مُقابلہ کرُوں گا۔

19. بنی اِسرائیل نے اُسے پِھر کہلا بھیجا کہ ہم سڑک ہی سڑک جائیں گے اور اگر ہم یا ہمارے چَوپائے تیرا پانی بھی پِئیں تو اُس کا دام دیں گے ۔ ہم کو اَور کُچھ نہیں چاہئے سِوا اِس کے کہ ہم کو پاؤں پاؤں چل کر نِکل جانے دے۔

20. پر اُس نے کہا تُو ہرگِز نِکلنے نہیں پائے گا اور ادُو م اُس کے مُقابلہ کے لِئے بُہت سے آدمی اور ہتھیار لے کر نِکل آیا۔

21. یوں ادُو م نے اِسرا ئیل کو اپنی حدُود سے گُذرنے کا راستہ دینے سے اِنکار کِیا اِس لِئے اِسرا ئیل اُس کی طرف سے مُڑ گیا۔

22. اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت قادِ س سے روانہ ہو کر کوہِ ہور پُہنچی۔

23. اور خُداوند نے کوہِ ہور پر جو ادُو م کی سرحد سے مِلا ہُؤا تھا مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا۔

24. ہارُون اپنے لوگوں میں جا مِلے گا کیونکہ وہ اُس مُلک میں جو مَیں نے بنی اِسرائیل کو دِیا ہے جانے نہیں پائے گا اِس لِئے کہ مریبہ کے چشمہ پر تُم نے میرے کلام کے خِلاف عمل کِیا۔

25. سو تُو ہارُون اور اُس کے بیٹے الِیعزر کو اپنے ساتھ لے کر کوہِ ہور کے اُوپر آ جا۔

26. اور ہارُون کے لِباس کو اُتار کر اُس کے بیٹے الِیعزر کو پہنا دینا کیونکہ ہارُون وہیں وفات پا کر اپنے لوگوں میں جا مِلے گا۔

گِنتی 20