1. اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔
2. کہ شرع کے جِس آئِین کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے وہ یہ ہے کہ تُو بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ تیرے پاس ایک بے داغ اور بے عَیب سُرخ رنگ کی بچھیا لائیں جِس پر کبھی جُوآ نہ رکھّا گیا ہو۔
3. اور تُم اُسے لے کر الِیعزر کاہِن کو دینا کہ وہ اُسے لشکر گاہ کے باہر لے جائے اور کوئی اُسے اُسی کے سامنے ذبح کر دے۔
4. اور الیِعزر کاہِن اپنی اُنگلی سے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے آگے کی طرف سات بار چِھڑکے۔
5. پِھر کوئی اُس کی آنکھوں کے سامنے اُس گائے کو جلا دے یعنی اُس کا چمڑا اور گوشت اور خُون اور گوبر اِن سب کو وہ جلائے۔
6. پِھر کاہِن دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑا لے کر اُس آگ میں جِس میں گائے جلتی ہو ڈال دے۔
7. تب کاہِن اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ کے اندر آئے ۔ پِھر بھی کاہِن شام تک ناپاک رہے گا۔
8. اور جو اُس گائے کو جلائے وہ بھی اپنے کپڑے پانی سے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔
9. اور کوئی پاک شخص اُس گائے کی راکھ کو بٹورے اور اُسے لشکرگاہ کے باہر کِسی پاک جگہ میں دھر دے ۔ یہ بنی اِسرائیل کی جماعت کے لِئے ناپاکی دُور کرنے کے پانی کے لِئے رکھّی رہے کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔
10. اور جو اُس گائے کی راکھ کو بٹورے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے اور وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا اور یہ بنی اِسرائیل کے اور اُن پردیسِیوں کے لِئے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں ایک دائِمی آئِین ہو گا۔