کُلسِیوں 1:11-20 Urdu Bible Revised Version (URD)

11. اور اُس کے جلال کی قُدرت کے مُوافِق ہر طرح کی قُوّت سے قَوی ہوتے جاؤ تاکہ خُوشی کے ساتھ ہر صُورت سے صبر اور تحمُّل کر سکو۔

12. اور باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے ہم کو اِس لائق کِیا کہ نُور میں مُقدّسوں کے ساتھ مِیراث کا حِصّہ پائیں۔

13. اُسی نے ہم کو تارِیکی کے قبضہ سے چُھڑا کر اپنے عزِیز بیٹے کی بادشاہی میں داخِل کِیا۔

14. جِس میں ہم کو مخلصی یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصِل ہے۔

15. وہ اَن دیکھے خُدا کی صُورت اور تمام مخلُوقات سے پہلے مَولُود ہے۔

16. کیونکہ اُسی میں سب چِیزیں پَیدا کی گئِیں ۔آسمان کی ہوں یا زمِین کی ۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی ۔ تخت ہوںیا رِیاستیں یا حُکومتیں یا اِختیارات ۔ سب چِیزیں اُسی کے وسِیلہ سے اور اُسی کے واسطے پَیدا ہُوئی ہیں۔

17. اور وہ سب چِیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب چِیزیں قائِم رہتی ہیں۔

18. اور وُہی بدن یعنی کلِیسیا کا سر ہے ۔ وُہی ابتدا ہے اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ سب باتوں میں اُس کا اَوّل درجہ ہو۔

19. کیونکہ باپ کو یہ پسند آیا کہ ساری معمُوری اُسی میں سکُونت کرے۔

20. اور اُس کے خُون کے سبب سے جو صلِیب پر بہا صُلح کر کے سب چِیزوں کا اُسی کے وسِیلہ سے اپنے ساتھ میل کر لے ۔ خَواہ وہ زمِین کی ہوں خَواہ آسمان کی۔

کُلسِیوں 1