1. اور خُدا نے نُوح اور اُس کے بیٹوں کو برکت دی اور اُن کو کہا کہ باروَر ہو اور بڑھو اور زمِین کو معمُور کرو۔
2. اور زمِین کے کُل جان داروں اور ہوا کے کُل پرِندوں پر تُمہاری دہشت اور تُمہارا رُعب ہو گا ۔ یہ اور تمام کِیڑے جِن سے زمِین بھری پڑی ہے اور سمُندر کی کُل مچھلِیاں تُمہارے ہاتھ میں کی گئیِں۔
3. ہر چلتا پِھرتا جان دار تُمہارے کھانے کو ہو گا ۔ ہری سبزی کی طرح مَیں نے سب کا سب تُم کو دے دِیا۔
4. مگر تُم گوشت کے ساتھ خُون کو جو اُس کی جان ہے نہ کھانا۔
5. مَیں تُمہارے خُون کا بدلہ ضرُورلُوں گا ۔ ہر جانور سے اُس کا بدلہ لُوں گا ۔ آدمی کی جان کا بدلہ آدمی سے اور اُس کے بھائی بند سے لُوں گا۔
6. جو آدمی کا خُون کرے اُس کا خُون آدمی سے ہو گا کیونکہ خُدا نے اِنسان کو اپنی صُورت پر بنایا ہے۔
7. اور تُم باروَر ہو اور بڑھو اور زمِین پر خُوب اپنی نسل بڑھاؤ اور بُہت زِیادہ ہو جاؤ۔
8. اور خُدا نے نُوح اور اُس کے بیٹوں سے کہا۔
9. دیکھو مَیں خود تُم سے اور تُمہارے بعد تُمہاری نسل سے۔
10. اور سب جان داروں سے جو تُمہارے ساتھ ہیں کیا پرِندے کیا چَوپائے کیا زمِین کے جانور یعنی زمِین کے اُن سب جانوروں کے بارے میں جو کشتی سے اُترے عہد کرتا ہُوں۔
11. مَیں اِس عہد کو تُمہارے ساتھ قائِم رکھُّوں گا کہ سب جان دار طُوفان کے پانی سے پِھر ہلاک نہ ہوں گے اور نہ کبھی زمِین کو تباہ کرنے کے لِئے پِھر طُوفان آئے گا۔