پَیدایش 22:8-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

8. ابرہام نے کہا اَے میرے بیٹے خُدا آپ ہی اپنے واسطے سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ مُہیّا کر لے گا۔ سو وہ دونوں آگے چلتے گئے۔

9. اور اُس جگہ پُہنچے جو خُدا نے بتائی تھی ۔ وہاں ابرہام نے قُربان گاہ بنائی اور اُس پر لکڑِیاں چُنیں اور اپنے بیٹے اِضحاق کو باندھا اور اُسے قُربان گاہ پر لکڑیوں کے اُوپر رکھّا۔

10. اور ابرہام نے ہاتھ بڑھا کر چُھری لی کہ اپنے بیٹے کو ذبح کرے۔

11. تب خُداوند کے فرِشتہ نے اُسے آسمان سے پُکارا کہ اَے ابرہام اَے ابرہام ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔

12. پِھر اُس نے کہا کہ تُو اپنا ہاتھ لڑکے پر نہ چلا اور نہ اُس سے کُچھ کر کیونکہ مَیں اب جان گیا کہ تُو خُدا سے ڈرتا ہے اِس لِئے کہ تُو نے اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے مُجھ سے دریغ نہ کِیا۔

13. اور ابرہام نے نِگاہ کی اور اپنے پِیچھے ایک مینڈھا دیکھا جِس کے سِینگ جھاڑی میں اٹکے تھے ۔ تب ابرہام نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اور اپنے بیٹے کے بدلے سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھایا۔

14. اور ابرہام نے اُس مقام کا نام یہووا ہ یِری رکھّا چُنانچہ آج تک یہ کہاوت ہے کہ خُداوند کے پہاڑ پر مُہیّا کِیا جائے گا۔

15. اور خُداوند کے فرِشتہ نے آسمان سے دوبارہ ابرہام کو پُکارا اور کہا کہ۔

16. خُداوند فرماتا ہے چُونکہ تُو نے یہ کام کِیا کہ اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے دریغ نہ رکھّا اِس لِئے مَیں نے بھی اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے کہ۔

17. مَیں تُجھے برکت پر برکت دُوں گا اور تیری نسل کو بڑھاتے بڑھاتے آسمان کے تاروں اور سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند کر دُوں گا اور تیری اَولاد اپنے دُشمنوں کے پھاٹک کی مالِک ہو گی۔

18. اور تیری نسل کے وسِیلہ سے زمِین کی سب قَومیں برکت پائیں گی کیونکہ تُو نے میری بات مانی۔

19. تب ابرہام اپنے جوانوں کے پاس لَوٹ گیا اور وہ اُٹھے اور اِکٹھّے بیرسبع کو گئے اور ابرہام بیرسبع میں رہا۔

20. اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ ابرہام کو یہ خبر مِلی کہ مِلکاہ کے بھی تیرے بھائی نحور سے بیٹے ہُوئے ہیں۔

21. یعنی عُوض جو اُس کا پہلوٹھا ہے اور اُس کا بھائی بُوز اور قمو ایل اَرام کا باپ۔

22. اور کسد اور حزُو اور فِلدا س اور اِدلاف اور بتیو ایل۔

23. اوربتیوا یل سے رِبقہ پَیدا ہُوئی۔یہ آٹھوں ابرہام کے بھائی نحور سے مِلکاہ کے پَیدا ہُوئے۔

پَیدایش 22