واعِظ 4:1-10 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. تب مَیں نے پِھر کر اُس تمام ظُلم پر جو دُنیا میں ہوتا ہے نظر کی اور مظلُوموں کے آنسُوؤں کو دیکھا اوراُن کو تسلّی دینے والا کوئی نہ تھا اور اُن پر ظُلم کرنے والے زبردست تھے پر اُن کو تسلّی دینے والا کوئی نہ تھا۔

2. پس مَیں نے مُردوں کو جو آگے مَر چُکے اُن زِندوں سے جو اب جِیتے ہیں زِیادہ مُبارک جانا۔

3. بلکہ دونوں سے نیک بخت وہ ہے جو اب تک ہُؤا ہی نہیں ۔ جِس نے وہ بُرائی جو دُنیا میں ہوتی ہے نہیں دیکھی۔

4. پِھر مَیں نے ساری مِحنت کے کام اور ہر ایک اچّھی دست کاری کو دیکھا کہ اِس کے سبب سے آدمی اپنے ہمسایہ سے حسد کرتاہے ۔ یہ بھی بُطلان اور ہوا کی چران ہے۔

5. بے دانِش اپنے ہاتھ سمیٹتا ہے اور آپ ہی اپنا گوشت کھاتا ہے۔

6. ایک مُٹّھی بھر جو چَین کے ساتھ ہو اُن دو مُٹِّھیوں سے بِہتر ہے جِن کے ساتھ مِحنت اور ہوا کی چران ہو۔

7. اور مَیں نے پِھر کر دُنیا کے بُطلان کو دیکھا۔

8. کوئی اکیلا ہے اور اُس کے ساتھ کوئی دُوسرا نہیں۔ اُس کے نہ بیٹا ہے نہ بھائی تَو بھی اُس کی ساری مِحنت کی اِنتہانہیں اور اُس کی آنکھ دَولت سے سیر نہیں ہوتی ۔ وہ کہتاہے مَیں کِس کے لِئے مِحنت کرتا اور اپنی جان کو عَیش سے محرُوم رکھتا ہُوں؟ یہ بھی بُطلان ہے ہاں یہ سخت دُکھ ہے۔

9. ایک سے دو بِہتر ہیں کیونکہ اُن کی مِحنت سے اُن کو بڑا فائِدہ ہوتا ہے۔

10. کیونکہ اگر وہ گِریں تو ایک اپنے ساتھی کو اُٹھائے گالیکن اُس پر افسوس جو اکیلا ہے جب وہ گِرتا ہے کیونکہ کوئی دُوسرا نہیں جو اُسے اُٹھا کھڑا کرے۔

واعِظ 4